جنوبی ممبئی میں ٹینک کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سےچار روزہ دار مزدور جاں بحق ،ایک کی حالت نازک

   

ممبئی: جنوبی ممبئی کے ناگپاڑہ علاقے میں اتوار کی دوپہر ایک تعمیراتی مقام پر پانی کے ٹینک کی صفائی کرتے ہوئے چار روزہ دار مزدور جاں بحق ہوگئے۔یہ سانحہ ناگپاڑہ ڈمٹمکر روڑ پر واقع سنگ تراش مسجد کے مقابل بسم اللہ اسپیس بلڈنگ نامی زیر تعمیر نجی عمارت میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق آج صبح پانچ مزدوروں کے گروپ کو زیرزمین پانی کے ٹینک کی صفائ پر مامور کیا گیا تھا نیز یہ پانچوں مزدور جب صفائی کر رہے تھے اچانک ٹینک میں موجود زہریلی گیس سے ان مزدوروں کا دم گھٹنے لگا کچھ دیر بعد جب ٹینک کے اندر مزدورں کا باہر کے عملے سے رابطہ نہیں ہوا تو فائر بریگیڈ کو مطلع کیا گیا ۔ ممبئی فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے حادثہ پر پہونچی اور متاثرین کو جے جے ہاسپٹل پہونچایا لیکن متاثرین میں سے چار افراد کو مردہ قرار دیا گیا جبکہ ایک مزدور کے عمل تنفس میں تکلیف ہورہی ہے اور وہ قدرتی طور پر سانس نہیں لے پارہا ہے ۔ جے جے کے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ہاسپٹل نے تصدیق کی کہ دم گھٹنے سے متاثرہ چار افراد ہاسپٹل پہنچنے پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ متاثرہ مزدوروں کا تعلق مغربی بنگال سے تھا وہ اپنی فیملی کے ہمراہ اسی عمارت میں عارضی سکونت اختیار کئے ہوئے تھے۔ مقامی افراد کا کہنا ہیکہ مہلوک مزدور آج روزہ رکھے تھے کیونکہ اتوار کا دن انھیں معمول کے مطابق بھاری کام نہیں ہوتا ہے ۔ مہلوکین کی حسی پال شیخ ، راجہ شیخ ، ضیاء اللہ شیخ اور عمران شیخ کے طور پر شناخت کی گئی جبکہ فرقان شیخ کی حالت نازک ہے ۔