حیدرآباد۔15۔مارچ(سیاست نیوز) حیدرآباد جنوبی ہند کے شہروں میں سب سے زیادہ آلودہ شہر قراردیا گیا ہے جہاں ماحولیاتی آلودگی میں بدترین اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ ورلڈ ائیر کوالیٹی انڈکس 2022 کی اجرائی کے ساتھ ہی اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ہندوستان دنیا بھر میں 8واں سب سے زیادہ آلودہ ملک ہے ۔ 131ممالک کے 7323 شہروں کی آب وہوا کی تفصیلات پر مشتمل اس رپورٹ کے مطابق کہا جا رہاہے کہ عام طور پر ہندوستان اور پاکستان ماحولیاتی اعتبار سے وسطی و جنوبی ایشیاء کے خطہ میں ابتر آب وہواء والے ممالک میں شمار کئے جاتے ہیں۔ ہندوستان کے 6میٹروپولیٹین شہروں نئی دہلی ‘ چینائی ‘ ممبئی ‘ کولکتہ ‘ بنگلورو کے علاوہ شہر حیدرآباد میں ماحولیاتی آلودگی میں سال گذشتہ کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ملک میں نئی دہلی میں سب سے زیادہ آلودگی ریکارڈ کی گئی جبکہ جنوبی ہند کے شہرو ںمیں حیدرآباد میں سب سے زیادہ آلودگی ریکارڈ کئے جانے کا دعویٰ کیا جا رہاہے۔ نئی دہلی کو ہندوستان میں سب سے زیادہ آلودہ شہر کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں دوسرا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔ اور شہر حیدرآباد میں بھی آلودگی کی پیمائش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ شہر حیدرآباد میں 2021 سے مسلسل آلودگی میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور آلودگی کی سطح عالمی ادارۂ صحت کی حد سے تجاوز کرنے لگی ہے جس کی وجہ سے جنوبی ہند کے شہروں میں حیدرآباد میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا رپورٹ میں تذکرہ موجود ہے۔بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں تعمیراتی سرگرمیوں کے علاوہ گاڑیوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سبب ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہونے لگا ہے۔م