جنگلاتی اراضی کی غیر قانونی منتقلی پر تلنگانہ ہائی کورٹ کا حکم التواء، کلکٹر کے اقدام پر عدالت کا اظہار حیرت

   

حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے رنگاریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم کے کونگرا کلاں موضع میں 72 ایکر جنگلاتی اراضی کو ڈی نوٹیفائی کرتے ہوئے پٹہ جات کی منظوری پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ اس کا اختیار کیا کلکٹر کو حاصل ہے؟ حکومت اور کلکٹر کو عدالت نے ہدایت دی ہے کہ جنگلاتی اراضی کے موقف کو تبدیل کرتے ہوئے ڈی نوٹیفائی کرنے کے عمل میں قواعد کی پابندی سے متعلق وضاحت کی جائے۔ عدالت نے دریافت کیا کہ جنگلاتی اراضی کو ممنوعہ فہرست سے نکال کر پٹہ جات کی اجرائی سے متعلق فائیل کلکٹر کے دفتر سے جاری کی گئی یا نہیں اس کی وضاحت کی جائے۔ عدالت نے پٹہ جات کی اجرائی کے عمل پر عبوری حکم التواء جاری کردیا اور کہا کہ اراضی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا یہ معاملہ متنازعہ ہے۔ کونگرا کلاں گاؤں میں سروے نمبر 249 کے تحت موجود 10269 ایکر سرکاری اراضی میں سے 72 ایکر اراضی کو ممنوعہ فہرست سے خارج کرتے ہوئے خانگی افراد کو پٹہ دار پاس بک جاری کرنے کیلئے 16 نومبر 2019 کو ضلع کلکٹر رنگاریڈی نے احکامات جاری کئے تھے۔ پراوین گوڑ نامی شخص نے احکامات کو ہائی کورٹ میں چیالنج کیا ۔ جسٹس سی وی بھاسکر ریڈی نے اس معاملہ کی سماعت کی۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 72 ایکر اراضی کو ممنوعہ فہرست سے خارج کردیا گیا ہے حالانکہ یہ جنگلاتی اراضی ہے جس کا موقف تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ کلکٹر نے بعض خانگی ادارے اور افراد کے نام پر پٹہ دار پاس بک جاری کئے جن میں این ڈی انفرو ڈی کروناکر، ایس رادھا کرشنا ریڈی اور سائی ناتھ ریڈی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ کارروائی کی گئی ہے۔ درخواست گذار کی سماعت کے بعد عدالت نے کہا کہ جنگلاتی اراضی کا موقف تبدیل کرنے کا اختیار کلکٹر کو حاصل نہیں ہے لہذا اس معاملہ کی جامع تحقیقات کی ضرورت ہے۔ عدالت نے اراضی کی منتقلی پر عبوری حکم التواء جاری کردیا اور حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت 24 فروری کو مقرر کی ہے۔1
عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کاکل چیف منسٹر ریونت ریڈی سنگ بنیاد رکھیں گے
حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 31 جنوری کو گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم میں عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تقریب سنگ بنیاد کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کوتاہی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیئے۔ وزیر صحت نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں بتایا کہ چیف منسٹر نے ہاسپٹل کے پلان میں بعض تبدیلیاں کی ہیں۔ آرکیٹکٹس کی رائے کے مطابق عمارت میں بعض تبدیلیاں کی گئی جس کا پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ مظاہرہ کیا گیا1