جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کیلئے کھدائی روکنے مرکز سے نمائندگی

   

سابق ارکان اسمبلی کی دہلی میں ڈائرکٹر جنرل فاریسٹ سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹریز اور سابق ارکان اسمبلی ومشی چند ریڈی ، ایس اے سمپت کمار اور ڈاکٹر سی ومشی کرشنا نے آج نئی دہلی میں ڈائرکٹر جنرل آف فاریسٹ اور اسپیشل سکریٹری سدھانت داس سے ملاقات کی اور انہیں یادداشت پیش کرتے ہوئے نلا ملا کے جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کیلئے کھدائی روکنے کی درخواست کی۔ انہوں نے یورانیم کی کھدائی سے ٹائیگر ریزرو فاریسٹ کو ہونے والے نقصانات اور قبائلیوں میں پھیلی بے چینی سے واقف کرایا ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ قبائلی عوام کے علاوہ سیاسی اور عوامی تنظیمیں یورانیم کی کھدائی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ناگرجنا ساگر ڈیم سے متصل علاقوں میں کھدائی سے آبی آلودگی کا خطرہ پیدا ہوگا ۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی کا اندیشہ ہے ۔ انہوں نے سدھانت داس سے درخواست کی کہ وہ یورانیم کی کھدائی سے متعلق اجازت نامہ کو منسوخ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے یہ فیصلہ ضروری ہے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ اس علاقہ میں چنچو اور بنجارہ قبائل بستے ہیں جن کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ کانگریس پارٹی کھدائی کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور یہ جدوجہد قبائلیوں کے تحفظ تک جاری رہے گی۔ مرکزی حکومت کے عہدیدار نے کانگریس قائدین کو تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ضروری کارروائی کریں گے اور ماحولیاتی اور آبی آلودگی کو بہر صورت روکا جائے گا۔