جنین کیمپ کی تعمیر نو کیلئے امارات کی امداد

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے مقبوضہ مغربی کنارے میں تقریباً دو دہائیوں میں اسرائیلی فوج کی شدید ترین کارروائی کے بعد جنین پناہ گزین کیمپ کی تعمیر نو میں مدد کے لیے 15 ملین ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔یو اے ای نے فنڈنگ کا وعدہ جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کی دور روزہ جارحیت میں ہونے والی تباہی کے بعد کیا ہے۔ کیمپ کی تنگ سڑکوں اور گلی کوچوں کو بڑی تباہی کا سامنا ہے۔ صہیونی فورسز کے حملے کے باعث ہزاروں فلسطینی بے گھر ہوگئے اور کیمپ چھوڑنے پرمجبور ہوگئے ہیں۔ اس آپریشن میں 12 فلسطینی شہید ہوگئے۔ ایک اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوگیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے اطلاع دی ہے کہ یہ رقم فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے ’’ انروا‘‘ کو دی جائے گی۔ یو این ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی جنین کیمپ میں تباہ شدہ مکانات اور کاروبار کی تعمیر نو کے لیے کام کرتی ہے۔UNRWA نے حال ہی میں مشرق وسطی میں لاکھوں لوگوں کی مدد کرنے والے اپنے روزمرہ کے کاموں کو جاری رکھنے کے لیے درکار فنڈ اکٹھا کرنے کی کوشش کی تھی۔اسرائیل کی شدید دراندازی کے دوران بلڈوزر نے سڑکوں کو اکھاڑ کر سینکڑوں فوجیوں کے لیے راستہ صاف کیا۔ 24 ہزار افراد کی گنجان آبادی والے اس علاقے کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں۔