جوانوں کی عزت نفس پر کوئی آنچ نہیں آئیگی

   

فوج میںعوام کا یقین بڑھ گیا ہے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ
نئی دہلی 21 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کارگل جنگ کے ہیروز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کی جدوجہد کرینگے کہ سپاہیوں کے وقار اور ان کی عزت نفس پر کوئی آنچ نہ آنے پائے ۔ سابقہ فوجیوں‘ کارگل جنگ کی بیواوں اور دوسروں سے یہاںایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کے عوام کا مسلح افواج میں یقین مزید بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہیدوں کی عزت کیلئے ہم جو کچھ بھی کریں کم ہے ۔ ہم ان کا احترام کرتے ہیں اور یہاں موجود جنگ کی بیواوں کو سلام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سپاہیوں پر فخر ہے ۔ انہوں نے ہفتہ کو اپنے دورہ دراس کا تجربہ بھی بیان کیا جہاں انہوں نے کارگل جنگ کے دوران شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا تھا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کرینگے کہ ہمارے فوجیوں اور جوانوں کی عزت ‘ احترام اور وقار پر کوئی آنچ نہ آنے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی فرد دوسری باتوں پر سمجھوتہ تو کرسکتا ہے لیکن وہ اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا ۔ یہ وقار ذاتی ہوسکتا ہے ‘ سماجی ہوسکتا ہے اور قومی ہوسکتا ہے ۔ اسی وقار کی خاطر جنگ آزادی کے دوران 18 سال کے نوجوانوںاور 20 سالہ نوجوانوں نے پھانسے کے پھندے پہن لئے تھے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کارگل کا بھی دورہ کیا تھا ۔