جوکویچ نویں مرتبہ آسٹریلین اوپن چمپئن بنے

   


روسی حریف میدویدیف کو تین سٹ میں شکست ۔جوکویچ کا 18 واں مجموعی گرانڈ سلام

ملبورن : دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکویچ نے ملبورن پارک میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کے ڈینیل میدویدیف کو اتوار کے روز لگاتار سٹوں میں 6-2، 6-2، 7-5 سے شکست دے کر نویں مرتبہ سال کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کا خطاب جیت لیا۔ٹاپ سیڈ اور گزشتہ دو مرتبہ کے فاتح جوکویچ نے چوتھے سیڈ میدیویف کو ایک گھنٹے 53 منٹ میں شکست دے کر خطابی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور نویں مرتبہ یہ خطاب اپنے نام کیا۔ جوکویچ کا یہ 18 واں گرانڈ سلام خطاب ہے ۔ وہ سوئزرلینڈ کے روجر فیڈرر اور اسپین کے رافیل نڈال کے 20 گرانڈ سلام خطاب کے عالمی ریکارڈ سے دو خطاب پیچھے رہ گئے ہیں۔ جوکویچ اس کے ساتھ ہی ایک گرانڈ سلام کو نو مرتبہ جیتنے والے نڈال کے بعد دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ نڈال نے فرنچ اوپن کو 13 مرتبہ جیتا ہے ۔ جوکویچ نے یہ خطاب 2008، 2011، 2012 ، 2013 ، 2015، 2016 ، 2019 ، 2020 ، 2021 میں جیتا ہے ۔ انہوں نے اس کے علاوہ ایک مرتبہ فرنچ اوپن ، ومبلڈن پانچ بار اور تین مرتبہ یو ایس اوپن کا خطاب اپنے نام کیا ہے ۔جوکویچ نے راڈ لیور ایرینا میں اس فتح کے ساتھ میدویدیف کے 20 میچوں کے ناقابل تسخیر برتری کے سلسلے کو روک دیا۔ پچھلے سال نومبر میں سربیا کے 33 سالہ کھلاڑی نے اے ٹی پی فائنلز میں روسی کھلاڑی سے 6-3، 6-3سے ملی شکست کا بدلہ لیا۔ میدویدیف کے خلاف اپنا کیریر ریکارڈ 5-3 تک پہنچا دیا۔ جوکویچ نے پہلے سٹ میں طوفانی آغاز کرتے ہوئے دس منٹ کے اندر تین۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ حالانکہ میدویدیف نے جوابی حملہ کیا اور اسکور کو کم کرکے چھ۔پانچ تک لے گئے ۔سربیا کے کھلاڑی نے 12 ویں گیم میں بیک ہینڈ پاسنگ شاٹ ونر لگاتے ہوئے تین سٹ پوائنٹس حاصل کیے اور تیسرا سٹ پوائنٹ کا فائدہ اٹھاکر پہلا سٹ ختم کردیا جب میدویف کا فورہینڈ نٹ میں جاکر الجھ گیا۔ جوکویچ نے دوسرے سٹ کے پہلے کھیل میں اپنی سرویس گنوائی لیکن اس کے بعد اگلے چارگیم جیت کر میچ پر قابو پالیا۔ گزشتہ مرتبہ سال کا اختتام دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی کے طور پر کرنے والے جوکویچ نے روسی کھلاڑی کو غلطی کرنے پر مجبور کیا جو ریلیوں کو چھوٹا کرنے کی کوشش میں غلطیاں کرنے لگے ۔ جوکویچ نے شاندار فورہینڈ لگاکر پانچویں مرتبہ میدویدیف کی سرویس توڑی اور دوسرا جیتا۔ جوکویچ نے تیسرے سٹ میں میدویدیف کے ڈبل فالٹ کا فائدہ اٹھایا۔ چیمپئن شپ پوائنٹس پر جوکویچ نٹ پر پہنچے اور اوورہینڈ ونر لگاکر شاندار جیت اپنے نام کی۔ جیت کے بعد جوکویچ نے کہا کہ میدویدیف ایک چیلنجنگ کھلاڑی ہیں اور ایسے کھلاڑی سے جیتنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا جس نے گزشتہ کچھ مہینوں میں مسلسل 20 میچ جیتے ہیں۔ میدویدیف نے میچ کے بعد جوکویچ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ 9 آسٹریلین اوپن اور 18 گرانڈ سلام جیتنا ایک بڑی کامیابی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اس شکست کے ساتھ ہی میدویدیف کا پہلا گرانڈ سلام خطاب جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا۔ موجودہ اے ٹی پی فائنلز چمپئن میدویدیف اپنے دونوں گرانڈ سلام فائنلز میں رنر اپ رہے ۔ وہ 2019 یو ایس اوپن میں نڈال سے چار گھنٹے 51 منٹ تک جاری رہنے والی میراتھن فائنل میں ہارگئے تھے ۔اس شکست کے باوجود اے ٹی پی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ڈومنک تھیئم کو پیچھے کرکے کیریر کی بہترین تیسری رینکنگ حاصل کی ہے ۔