جوہر یونیورسٹی معاملہ: بلڈوزر کارروائی پر روک کا خیرمقدم :مایاوتی

   

لکھنؤ۔ 28 جولائی (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے رام پور میں واقع محمد علی جوہر یونیورسٹی کی 38 تعلیمی عمارتوں کو منہدم کرنے کی کارروائی پر عدالتی روک کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے اتر پردیش حکومت سے اپیل کی کہ تعمیراتی ضابطوں کی خلاف ورزی کی صورت میں تعلیمی اداروں پر بلڈوزر چلانے کے بجائے ضابطوں کے مطابق انہیں باقاعدہ (ریگولرائز) کرنے کی پالیسی اپنائی جائے ، تاکہ طلبہ کے مستقبل پر کوئی منفی اثر نہ پڑے ۔ منگل کو ایکس پر اپنے بیان میں مایاوتی نے کہا کہ منظور شدہ نقشے نہ ہونے کی بنیاد پر سماج وادی پارٹی کے رہنما محمد اعظم خان کے خاندانی ٹرسٹ کے زیر انتظام محمد علی جوہر یونیورسٹی کی 38 تعلیمی عمارتوں کو منہدم کرنے کی کارروائی پر روک لگائی گئی جس کا انہوں نے خیرمقدم کیا۔