جگن نے کے سی آر کو تقریب حلف برداری کیلئے مدعو کیا

,

   

قائد وائی ایس آر کانگریس کی پرگتی بھون آمد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے ملاقات
وجئے واڑہ / حیدرآباد 25 مئی ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی لیڈر جگن موہن ریڈی نے ‘ جن کی پارٹی نے آندھرا پردیش میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے ‘ اپنی چیف منسٹر اے پی کی حیثیت سے حلف برداری کی تقریب میں چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو کو مدعو کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جگن موہن ریڈی نے کے سی آر کو تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے مدعو کیا ہے تاہم ابھی سرکاری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ کے سی آر اس تقریب میں شرکت کرینگے یا نہیں۔ تاہم ٹی آر ایس کے ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ شائد کے سی آر اس تقریب میں شرکت کرینگے جو 30 مئی کو وجئے واڑہ میں منعقد ہونے والی ہے ۔ قائد وائی ایس آر کانگریس مقننہ پارٹی کی حیثیت سے انتخاب کے بعد جگن موہن ریڈی نے گورنر نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کرتے ہوئے تشکیل حکومت کا ادعا پیش کیا تھا ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد جگن نے پرگتی بھون پہونچ کر کے چندر شیکھر راو سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کے دوران کے سی آر نے جگن سے کہا کہ ان کی حکومت چاہتی ہے کہ آندھرا پردیش کے ساتھ خوشگوار تعلقات رہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے یہ بھی واضح کیا کہ تلنگانہ کی یہ پالیسی ہے کہ اپنی پڑوسی ریاستوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات رہیں اور لو اور دو کی پالیسی پر عمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہی پالیسی آندھرا پردیش کے ساتھ بھی برقرا ررکھی جائے گی ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ کے سی آر نے واضح کیا کہ ہماری پالیسی یہی ہے کہ پڑوسی ریاستوں کے ساتھ بہتر اور خوشگوار تعلقات استوار کئے جائیں اور ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھا جائے ۔ اعلامیہ کے بموجب گوداوری سے 3,500 ٹی ایم سی پانی سمندر میں جا رہا ہے اور اس کا کوئی استعمال نہیں رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ زیادہ سے زیادہ 700یا 800 ٹی ایم سی پانی کا ہی استعمال کرسکتا ہے اور مابقی پانی آندھرا پردیش کیلئے چھوڑ دیا جائیگا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے باہمی مسائل پر غور و خوض اور تبادلہ خیال کیلئے دونوں ریاستوں کے عہدیداروں کا ایک اجلاس مابعد منعقد کیا جائیگا ۔ قبل ازیں کے سی آر نے پرگتی بھون پہونچنے پر جگن موہن ریڈی کا پرتپاک استقبال کیا ۔ انہوں نے بحیثیت چیف منسٹر جگن کی بہتر کارکردگی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔