جگن کو دوبارہ برسراقتدار آنے نہیں دونگا : پون کلیان

   

حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جنا سینا کے سربراہ پون کلیان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی آندھرا پردیش میں دوبارہ برسراقتدار نہیں آئے گی اور ہم اسے کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ پون کلیان نے بی جے پی اور تلگودیشم سے درپردہ مفاہمت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی یا تلگودیشم کیلئے بک جانے کی نوبت کبھی نہیں آئے گی۔ پلناڈو میں پون کلیان نے بھروسہ یاترا میں حصہ لیا۔ انہوں نے ایک مہلوک کسان کے خاندان کو ایک لاکھ روپئے کی امداد حوالے کی۔ پون کلیان نے کہاکہ آندھرا پردیش کے کسی بھی ضلع میں کسان خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ برسراقتدار پارٹی کے قائدین بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ انتخابات جیسے جیسے قریب آرہے ہیں بدعنوانیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ پون کلیان نے کہا کہ انہیں عوام سے قریب ہونے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے اور برسراقتدار پارٹی کے قائدین دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رکن اسمبلی سطح کے قائدین بھی بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ پون کلیان نے ریاستی وزیر امباٹی رام بابو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مہم کے ذریعہ وائی ایس آر کانگریس کو شکست دیں گے اور عوام میں شعور بیداری کے ذریعہ مخالف عوام حکومت کو اقتدار سے بیدخل کیا جائے گا۔ر