مقدمہ کو دوسری ریاست منتقل کرنے کی ضرورت نہیں
حیدرآباد ۔27۔جنوری (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ جگن موہن ریڈی کے مقدمہ کو دوسری ریاست منتقل کرنے اور ضمانت کی منسوخی کے لئے دائر کی گئی درخواست کی آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ آندھراپردیش اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رگھورام کرشنا راجو نے یہ درخواست دائر کی۔ جسٹس بی وی ناگا رتنا اور جسٹس ستیش چندرا مشرا پر مشتمل بنچ نے سماعت کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت کی منسوخی سے متعلق درخواست کی سپریم کورٹ میں سماعت کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے درخواست گزار کو ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا ۔ رگھورام کرشنا راجو کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی عدالت سے اجازت طلب کی جس پر ججس نے منظوری دے دی ۔ غیر محسوب اثاثہ جات کے مقدمہ کو تلنگانہ کے بجائے کسی اور ریاست منتقل کرنے سے متعلق درخواست پر سپریم کورٹ نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ غیر محسوب اثاثہ مقدمہ کی نگرانی کر رہا ہے ۔ سابق میں ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کے مقدمہ کے سلسلہ میں روزانہ سماعت سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کا اطلاق ہائی کورٹ پر ہوگا۔ جسٹس ناگا رتنا اور جسٹس ستیش چندرا مشرا نے جگن مقدمہ کی روزانہ سماعت کی ہدایت دی اور کہا کہ مقدمہ کو دوسری ریاست میں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔1