رانچی : جھارکھنڈ میں مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک اور نقل کو روکنے کیلئے سخت قوانین نافذ کرنے کا راستہ صاف ہوگیا ہے ۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے گزشتہ اگست میں اسمبلی سے منظور کردہ بل کو منظوری دے دی ہے ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہیں یہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا ۔ اس قانون میں مقابلہ جاتی امتحانات کے پرچے لیک کرنے کیلئے سخت دفعات ہیں جن میں کم از کم 10 سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قید سے لیکر 10کروڑ روپئے تک کے جرمانہ کی سزا ہے ۔اس قانون کا نام جھارکھنڈ مسابقتی امتحان ایکٹ 2023 ہوگا ۔ اس میں شق ہے کہ اگر کوئی امیدوار مسابقتی امتحان میں پہلی بار دھوکہ دہی کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اسے ایک سال کی قید اور 5لاکھ روپئے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا ۔ دوسری بار پکڑا جانے پر تین سال قید اور 10لاکھ روئے جرمانہ کا انتظام ہے ۔ اگر عدالت کی طرف سے جرم ثابت ہوگیا تو متعلقہ امیدوار 10سال تک کسی بھی مقابلے کے امتحان میں شرکت نہیں کرسکے گا ۔