رانچی، 20 جون (یواین آئی) جھارکھنڈ کے تمام 16 کانگریس ارکان نے ایک بار پھر اپنے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ جھارکھنڈ پردیش کانگریس کے صدر کیشو مہتو کملیش اور کانگریس مقننہ پارٹی کے لیڈر پردیپ کمار یادو کی جانب سے بلائی گئی پریس کانفرنس میں پارٹی کے جملہ 12 ارکان اسمبلی نے شرکت کی، جبکہ مابقی چار ارکان اسمبلی نے ویڈیو پیغام جاری کرکے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ پریس کانفرنس میں مقننہ پارٹی کے نائب لیڈر راجیش کچھپ کے علاوہ وزیر رادھا کرشن کشور، عرفان انصاری اور شلپی نہا ترکّی، اراکینِ اسمبلی رامیشور اوراؤں، ممتا دیوی، شویتا سنگھ، سونا رام سنکو، سریش بیٹھا، بھوشن باڑا اور رام چندر سنگھ موجود تھے ۔ جبکہ وزیر دیپیکا پانڈے سنگھ، نشاط عالم، کمار جے منگل عرف انوپ سنگھ اور نمن وکسل کونگاڑی نے ویڈیو جاری کرکے کہا کہ انہوں نے راجیہ سبھا انتخابات میں اتحاد کی حمایت یافتہ کانگریس امیدوار پرونَو جھا کے حق میں ووٹ دیا۔ پردیش کانگریس صدر کیشو مہتو کملیش اور مقننہ پارٹی کے لیڈر پردیپ کمار یادو نے کہا کہ راجیہ سبھا انتخاب کے نتائج کے حوالے سے بی جے پی اور آر جے ڈی کی جانب سے کانگریس انچارج اور اراکینِ اسمبلی پر لگائے جا رہے الزامات بے بنیاد اور افسوسناک ہیں۔ کانگریس مقننہ پارٹی نے مکمل اتحاد، نظم و ضبط اور وابستگی کے ساتھ مہاگٹھ بندھن کے حمایت یافتہ امیدوار کے حق میں ووٹ دیا ہے ۔ کانگریس ارکان اسمبلی نے ایک آواز میں کہا کہ جمہوریت میں جیت اور ہار دونوں کے امکانات ہوتے ہیں۔ انتخابی نتائج توقعات کے مطابق نہ آنے کا مطلب یہ نہیں کہ بغیر کسی ثبوت اور حقائق کے کانگریس کے ارکان اسمبلی کی وفاداری اور وابستگی پر سوال اٹھایا جائے ۔ پارٹی کے اراکینِ اسمبلی نے کہا کہ بی جے پی کو خود احتسابی کرنی چاہیے ۔ انہیں سوچنا چاہیے کہ وہ کسی جھارکھنڈی رہنما یا کارکن کو اپنا امیدوار کیوں نہیں بنا سکے ؟ ۔