جین برادری کا ملک کے مختلف شہروں میں شدید احتجاج

   

نئی دہلی : جین برادری نے جھارکھنڈ کی ہیمت سورین حکومت کی جانب سے سامید شکھرجی مقدس مقام کو سیاحتی مرکز قرار دینے کے خلاف ملک کے کئی شہروں میں اتوار کو شدید احتجاج کیا۔ نئی دہلی انڈیا گیٹ پر بھی سینکڑوں کی تعداد میں جین برادری کے لوگ جمع ہوئے اور جھارکھنڈ حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جھارکھنڈ کے پارس ناتھ ہلز میں واقع سامیدشکھرجی جین برادری کا مقدس مقام ہے۔ صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے جین برادری کے احتجاج کی حمایت کی اور فیصلہ پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ مدھیہ پردیش میں بھی جین برادری نے فیصلہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا ۔ مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر کمل ناتھ نے وزیراعظم مودی اور چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فیصلہ پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ وی ایچ پی نے بھی حکومت کے فیصلہ کے خلاف بیان جاری کیا ہے۔