گریٹر نوئیڈا، 15 جون (یو این آئی) اتر پردیش کے جیور میں واقع نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پیر کے روز تجارتی پروازوں کا آغاز ہوگیا۔ شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر مسٹر کے رام موہن نائیڈو کی موجودگی میں لکھنؤ سے آنے والی انڈیگو کی پہلی خصوصی پرواز 6 ای 2278 کا روایتی واٹر کینن سیلوٹ کے ساتھ رن وے پر استقبال کیا گیا۔ وہیں، لکھنؤ جانے والی خصوصی پرواز 6 ای 5212 کو مسٹر نائیڈو اور دیگر معزز مہمانوں نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے بعد بنگلور کے لیے خصوصی پرواز روانہ ہوئی۔ مسٹر نائیڈو نے اس سے پہلے جیور کے ان کسانوں سے بھی بات کی جو خصوصی پرواز سے لکھنؤ گئے ہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہوابازی کے شعبے کی ترقی اور کنیکٹیویٹی کو بڑھانے پر خصوصی زور دیا ہے ۔ نوئیڈا بین الاقوامی ہوائی اڈہ دہلی-این سی آر کا دوسرا بڑا ہوائی اڈہ بن گیا ہے ۔ انڈیگو کی آج یہاں سے آٹھ پروازوں کا منصوبہ ہے جن میں چار آمد اور چار روانگی کی پروازیں شامل ہیں۔ منگل سے آکاسا بھی یہاں سے پروازوں کا آپریشن شروع کر رہی ہے ۔ انڈیگو یہاں سے 16 سے زائد شہروں کو براہ راست جوڑے گی۔اس ہوائی اڈے کی تعمیر زیورخ ایئرپورٹ انٹرنیشنل کی مکمل ملکیتی کمپنی یمنا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ (وائی آئی اے پی ایل) نے کی ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے 28 مارچ کو ہوائی اڈے کا افتتاح کیا تھا۔ ابھی ہوائی اڈے کی ترقی کا پہلا مرحلہ ہی مکمل ہوا ہے ۔ اس میں ایک رن وے اور ایک ٹرمینل عمارت کے ساتھ آپریشن شروع کیا جا رہا ہے جس کی سالانہ صلاحیت 1.2 کروڑ مسافروں کی ہے ۔ کل چار مرحلوں میں اس کی ترقی کی جانی ہے ۔