جیویلری شاپ سے سرقہ کرنے والا سارق گرفتار

   


حیدرآباد : سکندرآباد پاٹ مارکٹ میں واقع جیولری شاپ میں پیش آئے سرقہ کی سنگین واردات میں ملوث ایک سارق کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے اس سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ /15 جنوری کی شب سکندرآباد پاٹ میں واقع انیل جین جیویلری شاپ میں نامعلوم افراد نے سرقہ کرلیا تھا ۔ اس سلسلہ میں ٹاسک فورس پولیس نے کیس کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے یہ پتہ لگایا کہ اس سنگین واردات کو انجام دینے والے محمد عادل ساکن بنسی لال پیٹ جو جی ایچ ایم سی کی کچرے کی گاڑی کا کنٹراکٹ ڈرائیور ہے نے مذکورہ جیویلری شاپ میں داخل ہوکر سرقہ کی واردات انجام دی ۔ انجنی کمار نے کہا کہ عادل سابق میں جیویلری شاپ کے مالک کے پاس 3 سال تک ملازمت کرنے کے بعد نوکری ترک کردی تھی جس کے نتیجہ میں اسے جیویلری شاپ سے واقف تھا ۔ انجنی کمار نے کہا کہ گرفتار ملزم نے ایک فلمی انداز میں پائپوں کے ذریعہ تیسری منزل پر واقع جیویلری شاپ میں داخل ہوا اور کھڑکی کے ذریعہ اندر داخل ہونے کے بعد اس نے 209 گرام طلائی زیورات و نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ اس کیس کی تحقیقات کرنے والے ٹاسک فورس پولیس کے عہدیداروں نے اس کا کامیاب طور پر پتہ لگاتے ہوئے 39 لاکھ مالیتی مسروقہ مال اس کے قبضہ سے برآمد کرلیا ہے اور اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔