جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی اجلاس میں اہم پراجکٹس کو منظوری

   


حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : جی ایچ ایم سی اسٹانڈنگ کمیٹی کا اجلاس کل اس کے ہیڈ کوارٹرس پر مئیر گدوال وجئے لکشمی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ یہ نئے منتخب ارکان ، جی ایچ ایم سی کمشنر اور سینئیر عہدیداروں کے ساتھ پہلا اجلاس تھا ۔ جس میں مختلف بلدی مسائل اور کارپوریشن کی جانب سے شروع کئے گئے زیر التواء ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس اجلاس میں آٹھ پراجکٹس کو منظوری دی گئی ۔ ان میں احمد نگر وارڈ ، خیریت آباد زون میں 4.50 کروڑ روپئے لاگتی بلکاپور نالہ ملٹری ایریا تا یکمینار مدینہ مسجد 1000 ، میٹر آر سی سی سیور پائپ لائن ڈالنے کے کام ، احمد نگر میں ایک اور پراجکٹ بلکاپور نالہ تا ریتی باولی جنکشن 9.75 کروڑ روپئے لاگتی آر سی سی باکس ڈرین کی تعمیر شامل ہیں ۔ اس اجلاس میں شہر کے مختلف مقامات پر 19.18 کروڑ مصارف سے 8000 سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے کام کو بھی منظوری دی گئی ۔ اس اجلاس میں سڑک کشادگی کے لیے جائیدادوں کے حصول کے لیے بھی منظوری دی گئی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مئیر نے کہا کہ یہ نئے ارکان کے ساتھ پہلی اسٹانڈنگ کمیٹی میٹنگ ہے ۔ ہر چہارشنبہ کو یہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر جی ایچ ایم سی حدود میں کوئی خالی سرکاری اراضیات کی نشاندہی کی گئی تو انہیں بستی دواخانے اور ہمہ مقصدی فنکشن ہالس تعمیر کرتے ہوئے شہریوں کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔۔