جی ایچ ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی ارکان کا انتخاب

   

26 اکتوبر کو اعلامیہ کی اجرائی ، 19 نومبر کو ووٹنگ
حیدرآباد۔25 اکٹوبر(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے اسٹینڈنگ کمیٹی ارکان کے انتخابات کے لئے اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔15اراکین اسٹینڈگ کمیٹی کے انتخاب کے سلسلہ میں جاری کردہ شیڈول کے مطابق اگر انتخابات کی ضرورت پڑتی ہے تو ایسی صورت میں 19نومبر کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کے انتخاب کے لئے رائے دہی منعقد ہوگی جس میں ارکان بلدیہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 26 اکٹوبر کو اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ 2نومبر تا 10 نومبر پرچہ جات نامزدگی وصول کئے جائیں گے ۔11 نومبر کو پرچہ جات نامزدگی کی تنقیح کے بعد امیدواروں کی قطعی فہرست جاری کردی جائے گی۔مسٹر لوکیش کمارکے مطابق اگر اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کے لئے رائے دہی منعقد ہوتی ہے تو اسی دن یعنی 19 نومبر کو رائے شماری اور نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔جی ایچ ایم سی حدود میں موجود 150 ارکان بلدیہ میں 15 اراکین بلدیہ کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں شامل کیا جاتا ہے اور ان کا انتخاب رائے دہی کے ذریعہ کیا جاتا ہے لیکن تلنگانہ راشٹر سمیتی اور مجلس اتحاد المسلمین کے درمیان اتحاد کے سبب دوسرے کسی سیاسی جماعت کے امیدوار کی بہ حیثیت اسٹینڈنگ کمیٹی رکن کامیابی کے امکانات موہوم ہیں اسی لئے دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے سے اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق آئندہ چند یوم کے دوران مجلس اور ٹی آر ایس قائدین کے درمیان اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کے سلسلہ میں مذاکرات کے بعد کمیٹی کے ارکان کے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔بتایاجاتا ہے کہ اس مرتبہ بھی اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخابات کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ دونوں سیاسی جماعتوںکے قائدین آپسی مشاورت کے بعد اسٹینڈگ کمیٹی ارکان کے انتخاب کو قطعیت دیں گے۔