تلنگانہ میں سب سے زیادہ شرح خواندگی 83.25 فیصد حیدرآباد میں
حیدرآباد :۔ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں حیدرآباد میں سب سے زیادہ شرح خواندگی 83.25 فیصد ہونے کے باوجود اس شہر میں منعقد ہورہے جی ایچ ایم سی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست میں ’ انڈر گریجویٹس ‘ کا غلبہ ہے ۔ ان انتخابات کو جس کے لیے یکم دسمبر کو رائے دہی ہوگی ، زیادہ تر حیدرآباد کے تخت کے لیے لڑائی سمجھا جارہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے حال میں جاری کی گئی فہرست کے مطابق ان انتخابات میں مقابلہ کرنے والے 1,122 امیدواروں میں 548 انڈر گریجویٹس ہیں ، 200 گریجویٹس اور 99 پوسٹ گریجویٹس ہیں ، چھ کو ناخواندہ کے طور پر دکھایا گیا ہے ۔ ’ تلنگانہ سوشیل ڈیولپمنٹ رپورٹ 2017 ‘ میں دکھائی گئی خواندگی کی شرحوں میں ضلع حیدرآباد میں گریجویٹس کا تناسب 12.8 فیصد ہے جب کہ پوسٹ گریجویٹس کا تناسب 1.9 فیصد ہے ۔ اسی طرح سکنڈری ایجوکیشن حاصل کرنے والوں کی تعداد 10.7 فیصد ہے ۔ اس الیکشن میں انتخابی مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی اکثریت نے ان کا پیشہ بزنس بنایا ہے ۔ اس کے بعد گھریلو خواتین اور خانگی ملازمین ہیں جو عوام کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ انتخابی میدان میں ہیں ۔ تیسرے جی ایچ ایم سی انتخابات میں جملہ 21 پارٹیاں میدان میں ہیں ۔۔