جی ایچ ایم سی انتخابات کی رائے شماری کے مقامات ٹریفک تحدیدات

   

اسٹرانگ رومس کی سخت حفاظت ، دیگر محکمہ جات سے مدد کا حصول
حیدرآباد: جی ایچ ایم سی انتخابات کی رائے شماری کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں اور دونوں شہروں میں 14 مقامات پر ٹریفک تحدیدات بھی عائد کئے گئے ہیں۔ بیالٹ باکسس کو محفوظ رکھنے کیلئے قائم کئے گئے اسٹرانگ رومس کا پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے دیگر پولیس عہدیداروں کے ساتھ آج معائنہ کیا ۔ ایل بی اسٹیڈیم میں واقع باکسنگ ہال اور جمنازم ہال کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ حیدرآباد کمشنریٹ حدود میں 14 مقامات پر رائے شماری کی جائے گی اور اس کے لئے پولیس نے سیکوریٹی کے موثر انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹرانگ رومس کی نگرانی کے لئے پولیس نے انسپکٹر رتبہ کے عہدیداروں کو تعینات کیا ہے اور 4 ڈسمبر کو رائے شماری کیلئے بھی پولیس نے تیاری کرلی ہے۔ انجنی کمار نے کہا کہ رائے شماری کے دن کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور اس کے لئے پولیس نے دیگر محکمہ جات بشمول محکمہ مال ، جی ایچ ایم سی وغیرہ کی مدد حاصل کی ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ رائے شماری میں شامل ہونے والے امیدوار اور ان کے الیکشن ایجنٹ کو وہاں موجود رہنے کی اجازت رہے گی جبکہ کاؤنٹر سنٹر میں داخلہ کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن کا جاری کردہ پاس ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے شماری کیلئے کاؤنٹنگ ہالس میں پوری تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور کسی بھی قسم کے واقعہ کو روکنے کیلئے موثر پولیس فورس تعینات کی جارہی ہے ۔ اسی دوران رچہ کنڈہ اور سائبر آباد میں بھی اسٹرانگ رومس کی نگرانی کیلئے موثر پولیس فورس تعینات کی گئی ہے اور پولیس کمشنر مہیش بھاگوت اور وی سی سجنار نے کاونٹنگ سنٹرس کا معائنہ کیا۔ رائے شماری کے سنٹرس کے قریب 144 امتناعی احکامات نافذ کئے گئے ہیں۔