اہم پارکس کی نشاندہی، کمشنر بلدیہ امراپالی کا اجلاس، عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔4۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود 5 سرکلس میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے 21 تھیم پارکس کو ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان تھیم پارکس کی ترقی کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جلد ہی منظوری کے بعد ٹنڈر طلب کرتے ہوئے انہیں مختلف کمپنیوں کے حوالہ کرتے ہوئے ان کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ عہدیداروں کے مطابق جی ایچ ایم سی نے 5سرکلس گوشہ محل‘ کاروان‘ مہدی پٹنم ‘ جوبلی ہلز اور خیریت آباد میں موجود پارکس کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا ہے اور پارکس کو اس طرح ترقی دی جائے گی کہ ان میں یوگا‘ چہل قدمی ‘ کے علاوہ دیگر تھیم فراہم کرتے ہوئے انتہائی خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ کمشنر بلدیہ کی حیثیت سے محترمہ امرا پالی کے جائزہ لینے کے بعد عہدیداروں کو دی گئی ہدایت پر تیار کئے گئے اس منصوبہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ گذشتہ کئی برسوں سے ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کی جانب سے ان پارکس کی ترقی کے سلسلہ میں متوجہ کیا جا رہا تھا لیکن اس کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی لیکن اب جبکہ ریاست میں حکومت تبدیل ہوچکی ہے اور بلدی اداروں کے اختیارات کو ان کے استعمال کی اجازت حاصل ہونے لگی ہے تو جی ایچ ایم سی نے عرصہ سے زیر التواء ان پارکس کی تھیم پارک کے طور پر ترقی کے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق آئندہ چند ماہ کے دوران جملہ 21پارکس جن کی نشاندہی کی گئی ہے ان کی ترقی کے لئے کامو ںکو مختلف کمپنیوں کے حوالہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جن پارکس کی جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کی جانب سے نشاندہی کی گئی ہے ان میں 12ایکڑ پر محیط چاچا نہرو پارک‘ ہربل گارڈن پارک 12ایکڑ‘ وینگل راؤ پارک 10 ایکڑ ‘ کے بی آر پارک 17 ایکڑ ‘ کے علاوہ دیگر پارکس شامل ہیں جو کہ تھیم پارک کے طور پر ترقی دیئے جانے کی فہرست میں ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ شہرمیں موجود دیگر پارکس کو بھی تھیم پارک کے طرز پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ترقی دیئے جانے کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے اور جی ایچ ایم سی کے دیگر سرکلس میں بھی پارکوں کی نشاندہی کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ انہیں بھی اس فہرست میں شامل کیا جاسکے۔3