جے پی نڈا ‘ بی جے پی ورکنگ صدر مقرر

,

   

نئی دہلی 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر صحت جئے پرکاش نڈا ( جے پی نڈا ) کو بی جے پی کا ورکنگ صدر مقرر کیا گیا ہے ۔ جے پی نڈا کو نریندر مودی کی دوسری معیاد میں کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا ۔ بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ نے جے پی نڈا کے تقرر کو منظوری دی ہے ۔ نڈا ہماچل پردیش سے راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔ پارٹی کے تنظیمی انتخابات کی تکمیل اور رکنیت سازی مہم کے بعد نڈا کو پارٹی کا صدر منتخب کرلیا جائیگا ۔ موجودہ صدر امیت شاہ کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ وزیر داخلہ ہیں۔ وہ تنظیمی انتخابات کی تکمیل تک پارٹی صدر کے عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے نڈا کے تقرر کا اعلان کیا ۔ انہوں نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ وہ وزارت داخلہ کی ذمہ داری ملنے کے بعد پارٹی صدارت پر زیادہ وقت نہیں دے پائیں گے اس لئے یہ موقع کسی اور کو دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمی انتخابات کی تکمیل تک امیت شاہ سے پارٹی صدارت پر برقرا ررہنے کی پارلیمانی بورڈ نے خواہش کی ہے ۔