ریسرچ سنٹر اور 300 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کا وعدہ 6 سال میں بھی پورا نہیں کیا گیا : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کو جھوٹوں کی جماعت قرار دیتے ہوئے اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے عوام کو بی جے پی کے وعدوں پر بھروسہ نہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ 2016 میں بحیثیت مرکزی وزیر جے پی نڈا کی جانب سے منوگوڑ کے لیے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورا نہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ وزیر صحت نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا جھوٹوں کے سردار میں تبدیل ہوگئے ۔ انہوں نے 2016 میں بحیثیت مرکزی وزیر اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے مری گوڑہ کا دورہ کیا ۔ اس وقت جو وعدے کئے تھے 6 سال کی تکمیل کے باوجود آج تک پورے نہیں کئے گئے ۔ بی جے پی کے قائدین مسائل پر صرف مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہیں مگر انہیں حل کرنے کے لیے کبھی سنجیدہ نہیں ہوتے جس کی زندہ مثال سال 2016 ہے ۔ جے پی نڈا نے مری گوڑہ کا دورہ کیا تھا تب انہوں نے بحیثیت مرکزی وزیر صحت فلورائیڈ ریسرچ اینڈ ماٹیگشن سنٹر قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ اس وعدے کے 6 سال مکمل ہوگئے ہیں ۔ اس سنٹر کے قیام کے لیے ٹی آر ایس حکومت نے چوٹ اپل میں 8.2 ایکڑ اراضی مختص کی تھی ۔ 6 سال گذر جانے کے باوجود مرکزی حکومت نے فلورائیڈ ریسرچ سنٹر کے قیام کے لیے ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا ۔ مری گوڑہ میں 300 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل تعمیر کرنے کا وعدہ کیا جس کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ جس کے بعد بی جے پی کے قائدین کو اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے عوام سے ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے اور وعدوں سے انحراف کرنے والی بی جے پی کو عوام سبق سکھائے ۔۔ ن