جے ڈی یو کا بہار کیلئے خصوصی پیکیج کا مطالبہ

   

نئی دہلی : جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے ایک بار پھر مرکزی حکومت سے بہار کو خصوصی پیکیج دینے اور سیلاب سے نجات کے لیے نیپال کے ساتھ مذاکرہ کر کے بڑے ڈیم بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔جے ڈی (یو) کے رہنما رام ناتھ ٹھاکر نے آج راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے بہار کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کو بہار کو خصوصی پیکیج دینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کئی معاملوں میں پسماندہ ہے جس کی وجہ سے اسے خصوصی پیکیج کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار سیلاب سے متاثر ہے ۔ اس سے نمٹنے کے لیے نیپال کے ساتھ مذاکرہ کرکے بڑے ڈیم بنانے کا کام کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کورونا سے ہلاک ہونے والوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو مبارکباد دی کہ پہلی بار ہندوستان نے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچانے میں مدد کی ہے ۔