نئی دہلی:نئی دہلی کی عالمی شہرت یافتہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر شری شانتی پنڈت نے کہا ہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں ڈریس کوڈ کے ذریعہ کسی کو بھی کوئی خاص لباس پہننے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، اگر کوئی لڑکی حجاب استعمال کرنا چاہے تو اس کی مرضی اور اگر کوئی حجاب نہ لینا چاہے تو اسے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کی وائس چانسلر نے کہا کہ ہندوستان میں یکسانیت نہیں چل سکتی، مذہب کے معاملہ میں بھی نہیں اور زبان کے معاملہ میں بھی نہیں، ہندی کے معاملہ میں کسی پر اپنی رائے مسلط نہیں کی جاسکتی۔ ڈاکٹر شری شانتی پنڈت نے مزید کہا کہ ہندی کو قومی زبان کا درجہ دے کر اسے ملک کے ہر شہری کے لیے ناگزیر قرار نہیں دیا جاسکتا، کسی بھی تعلیمی ادارے کا بنیادی مقصد طلبہ کو کھل کر بولنا سکھانا ہے۔ خوراک اور لباس کے معاملہ میں انہیں اپنی مرضی کے مطابق فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔