حجاب میں آنے پر منگلورو یونیورسٹی کی متعدد طالبات کو واپس بھیجا گیا

   

بنگلورو: کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع کے ایک کالج کے عہدیداران نے ہفتہ کے روز حجاب پہن کر آنے والی متعدد طالبات کو گھر واپس بھیج دیا۔ یہ واقعہ منگلورو یونیورسٹی کے ایک کالج میں پیش آیا۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق یہ فیصلہ کرناٹک کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش کے اس بیان کے بعد لیا گیا کہ کمرہ جماعت میں صرف اور صرف ان طلبا کو ہی داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جو وردی پہن کر آئیں گے۔اطلاعات کے مطابق یہاں بیشتر مسلم طلبات بغیر حجاب ہی کالج پہنچ کر کلاسز کے لئے گئیں لیکن 12 طلبات ایسی تھیں جو حجاب پہن کر کالج پہنچیں۔ ان طالبات نے حجاب پہن کر ہی کلاسز میں جانے کا اصرار کیا، لیکن کالج کے پرنسپل نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ اتنا ہی نہیں ان طالبات کو کتب خانہ میں جانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ آخر کار یہ طالبات بغیر کلاس لئے ہی گھر واپس لوٹ آئیں۔