نئی دہلی: ملک بھر میں حجاب پوش مسلم خواتین پر حملے ، خاص طور پر کرناٹک کے اسکولوں میں حجابی طالبہ کے ساتھ امتیازی سکول اور مدھیہ پردیش میں اذان کی مخالفت کی مذمت کرتے ہوئے دہلی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی،خواتین شاخ (این سی پی) کی صدر اترپردیش کی انچارج ارجمند بانو (روحی سلیم) نے کہا کہ ملک کی فرقہ پرست طاقتیں ملک کی شبیہہ کو تار تار کرنے پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں آئین سب کو اجازت دیتا ہے کہ وہ اپنی پسند کا لباس پہنے ، اپنی پسند کا کھانا کھائے ، اپنی پسند سے رہے اور اپنی پسند سے تعلیم حاصل کرے لیکن گزشتہ کچھ سات آٹھ برسوں سے آئین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے لوگوں خاص طور پر اقلیتوں کو اس آئینی اختیار سے محروم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح ہندو خواتین، سندور لگاتی ہیں، منگل سوتر پہنتی ہیں، کلاوے اور دیگر نشانات کا استعمال کرتی ہیں جو خالص مذہبی نشانات ہیں۔