حجر اسود کے پر کشش مناظر پہلی بار آشکار

,

   

جدید تکنیک کے ذریعے حجر اسود کی 1050 تصاویر لی گئیں، ریزولیوشن 49 ہزار میگا پکسلز

مکہ مکرمہ: دْنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے’حجرِاسود ‘ سب سے قابل احترام پتھر ہے۔ اس مقدس پتھر کو اللہ نے اپنی نشانی کے طور پر آسمانوں سے اْتارا تھا۔ ہر حاجی اور عمرہ زائر کی کوشش ہوتی ہے کہ طوافِ کعبہ کے دوران حجراسود کو بوسہ دینے کی سعادت ضرور حاصل کر لے، تاہم ہجوم کے باعث بہت کم لوگ ہی اتنے خوش نصیب ثابت ہو پاتے ہیں۔موجودہ کورونا وبا کے دوران ہجوم کم ہونے کے باوجود زائرین اور معتمرین کو حجرِ اسود کو بوسہ دینے کی اجازت نہیں ہے۔ تاہم اب حجر اسود کی ایسی شاندار تصاویر سامنے آ گئی ہیں جو اس سے پہلے کبھی آپ نے نہیں دیکھی ہوں گی۔ حرمین شریفین کے انتظامیہ نے تصویر اتارنے کی جدید ترین تکنیک کو استعمال میں لاتے ہوئے حجر اسود کو اس کی انتہائی بنیادی تفصیل کے ساتھ پہلی مرتبہ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔فوکس اسٹیک پینوراما تکنیک کے استعمال سے حجر اسود زیادہ مختلف زاویوں سے زیادہ واضح اور نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔منفرد ٹکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے حجر اسود کی پیش کردہ تصاویر اتارنے میں 7 گھنٹوں کا وقت صرف ہوا۔ اس مدت کے دوران اس مقدس پتھر کی 1050 تصاویر اتاری گئیں جن کی ریزولوشن 49 ہزار میگا پکسلز ہے۔ انہیں 50 گھنٹے سے زیادہ وقت لگا کر پراسس کیا گیا۔حجر اسود کعبہ شریف کے جنوب مشرقی کونے میں باہر کی سمت پایا جاتا ہے۔ اسی مقام سے طواف کا آغاز اور یہیں اس کا اختتام ہوتا ہے۔ یہ زمین سے ڈیڑھ میٹر اونچائی پر نصب کیا گیا ہے۔ حجر اسود کا رنگ سرخی مائل سیاہ ہے اور اس کا اندرونی حصہ پیالے کی طرح ہے۔ حجر اسود کو چاروں طرف سے خالص چاندی کے فریم سے تیار کیا گیا ہے تاکہ اسے محفوظ رکھا جا سکے اور پتھر کی جگہ بیضوی شکل میں دکھائی دیتی ہے۔حجر اسود پتھر کے 8 چھوٹے ٹکڑوں پر مشتمل ہے، جسے دن میں پانچ مرتبہ بیش قیمت عطریات سے معطر کیا جاتا ہے۔