حج اور عمرہ کے عازمین کیلئے پاسپورٹس کی اجرائی کیلئے دو روزہ خصوصی مہم

   


17 اور 24 ڈسمبر کو تمام پاسپورٹ مراکز کھلے رہیں گے، ریجنل پاسپورٹ آفیسر کا صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کو مکتوب
حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج اور عمرہ کے عازمین کیلئے پاسپورٹ کی اجرائی اور پاسپورٹ کی تجدید کے سلسلہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد نے خصوصی مہم کے ذریعہ سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم اور ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عمرہ اور حج کے عازمین کیلئے 17 ڈسمبر اور 24 ڈسمبر دونوں ایام میں ریاست کے تمام پاسپورٹ سیوا کیندر اور پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم میں عام زمرہ کے علاوہ تتکال کی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ ڈی بالیا نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے اپواینٹمنٹ ری شیڈول کرنے کیلئے امیدواروں کے ناموں کی سفارش کرتے ہوئے مکتوب روانہ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام زمرہ اور تتکال کے تحت اپواینٹمنٹ کی دستیابی کی طویل مدت کم کرنے کیلئے وزارت خارجہ نے ڈسمبر میں آنے والے ہفتہ کے دن مراکز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس طرح چار اضافی دن یعنی ہفتوں کو پاسپورٹ سیوا کیندر اور پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر کام کررہے ہیں۔ 3 ڈسمبر کو 3 ہزار درخواستوں کی تکمیل کی گئی جبکہ 10 ڈسمبر کو بھی دفاتر نے کام کیا۔ 17 اور24 ڈسمبر کو بھی ہفتہ کے دن سیوا کیندر کھلے رہیں گے اور عام زمرہ کے علاوہ تتکال کے تحت درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ خصوصی مہم میں تقریباً 10 ہزار درخواستوں کی یکسوئی کا منصوبہ ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے کہا کہ خصوصی مہم کے نتیجہ میں حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی برخلاف اس کے حج کمیٹی سے رجوع ہونے والے افراد کو 17 اور 24 ڈسمبر کی خصوصی مہم سے استفادہ کیلئے رہنمائی کی جائے۔ اسی دوران صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے حج 2023 کے خواہشمند عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ مذکورہ تواریخ میں پاسپورٹ مراکز سے رجوع ہوکر نئے پاسپورٹ کے حصول یا تجدید کے سلسلہ میں درخواستیں داخل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین عمرہ اور حج دونوں کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ جنوری میں عازمین حج سے آن لائن درخواستوں کے حصول کا عمل شروع ہوگا۔ لہذا خواہشمند عازمین کو اپنے پاسپورٹ تیار رکھنے چاہیئے کیونکہ درخواستوں کے ادخال کی مدت طویل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ کی سعادت کیلئے جانے والے افراد بھی اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ر