حج قافلوںکی جمعہ سے روانگی، انتظامات کیلئے محکمہ جاتی اجلاس

   

عازمین 12 گھنٹے قبل رپورٹ کریں، ایک دن میں تین فلائیٹ سے نمٹنا عہدیداروں کیلئے چیلنج
حیدرآباد۔23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے قافلوںکی روانگی کا 26 جولائی سے آغاز ہوگا ، اس سلسلہ میں تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت کی اور سیکوریٹی انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ پولیس ، جی ایچ ایم سی ٹرانسکو ، آر اینڈ بی، فائر سرویسز اور ہارٹیکلچر کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ 26 ، 27 اور 28 جولائی کو روزانہ تین تا چار قافلوں کی روانگی کے پیش نظر حج ہاؤز میں زائد بھیڑ رہے گی، لہذا عازمین حج کو جنہوں نے اپنا سفر آن لائین کنفرم کردیا ہے، انہیں 10 کے بجائے 12 گھنٹے قبل حج ہاؤز سے رجوع ہونے کی خواہش کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں عازمین حج کو ایس ایم ایس روانہ کردیئے گئے۔ 2 تا 3 گھنٹے کے وقفہ سے فلائیٹس کے نتیجہ میں حج کیمپ سے دفتری امور کی تکمیل ، لگیج کی روانگی اور دیگر امور میں دشواریاں ہوسکتی ہیں۔ لہذا حج کمیٹی کے عہدیداروں ، والینٹرس اور تمام محکمہ جات کو چوکسی کی ہدایت دی گئی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 4 اگست تک 22 قافلوں کے ذریعہ 8,000 سے زائد عازمین جدہ پرواز کریں گے ۔ حج کیمپ اور حج ٹرمنل شمس آباد میں انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ۔ جاریہ سال ایر انڈیا کی خدمات الاٹ کی گئی ہیں۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک و مہاراشٹرا کے بعض اضلاع کے عازمین حج حیدرآ باد سے روانہ ہوں گے ۔ جائزہ اجلاس میں صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم ، اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ عبدالحمید ، اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی عرفان شریف کے علاوہ حج کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی ۔ برقی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے موبائیل ٹرانسفارمر نصب کیا جائے گا ۔ ٹریفک پولیس سے کہا گیا کہ وہ حج ہاؤز کے باہری حصہ میں ٹریفک کو باقاعدہ بنائیں۔ گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام باغ عامہ میں رہے گا۔ حج کیمپ کے دوران حج ہاؤز کے باہر کی سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی جائے گی ۔ فائر سرویسز کو کسی بھی ناگہانی سے نمٹنے کیلئے چوکسی کی ہدایت دی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی اندرونی اور بیرونی حصہ میں صحت و صفائی کے کاموں پر توجہ دے گی۔ 420 عازمین کے قافلہ کیلئے 14 آر ٹی سی بسیں استعمال کی جائیں گی جبکہ 340 کے قافلہ کے لئے 10 آر ٹی سی بسوں سے عازمین کو ایرپورٹ منتقل کیا جائے گا۔ پہلے قافلہ میں 131 عازمین کا تعلق اضلاع سے ہے جبکہ 211 شہر سے تعلق رکھتے ہیں۔