حج 2021 پر تعطل برقرار، حج کمیٹی کو حکومت سعودی عرب کے فیصلہ کا انتظار

   


کورونا کیسس کے نتیجہ میں حج کی اجازت کے امکانات موہوم، درخواست گزاروں میں بے چینی
حیدرآباد: حج 2021 کے انعقاد کے بارے میں تعطل کی صورتحال برقرار ہے۔ گزشتہ سال کورونا لاک ڈاون کے نتیجہ میں سعودی عرب حکومت نے بیرونی ممالک کے عازمین کو اجازت نہیں دی تھی اور حج کو مقامی طور پر محدود کردیا تھا ۔ ہندوستانی عازمین حج گزشتہ سال فریضہ حج سے محروم رہے۔ جاریہ سال بھی ہندوستانی عازمین حج کے لئے حج بیت اللہ کی ادائیگی کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ سعودی عرب نے اگرچہ حج پالیسی کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن کورونا سے متاثرہ ممالک سے آنے والے شہریوں پر پابندی عائد کردی ہے جس کے نتیجہ میں اندیشہ ہے کہ جاریہ سال بھی ہندوستان کے عازمین حج کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ہر سال کی طرح ملک بھر میں عازمین حج سے درخواستیں طلب کی ہیں لیکن قرعہ اندازی کا ابھی تک اہتمام نہیں کیا گیا۔ سعودی حکومت کی جانب سے ہر سال مختلف ممالک کو الاٹ کردہ حج کوٹہ کے مطابق عازمین کی قرعہ اندازی عمل میں آتی ہے۔ سعودی حکومت نے بیرونی ممالک کے عازمین کے سلسلہ میں پالیسی واضح نہیں کی ہے۔ جس طرح عام مسافرین کے سعودی عرب میں داخلہ پر پابندی ہے ، اسے دیکھتے ہوئے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہندوستانی عازمین کو جاریہ سال اجازت کا ملنا دشوار دکھائی دے رہا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت سعودی عرب اور ہندوستانی حکومت کے درمیان حج معاہدہ پر دستخط نہیں ہوئے ۔ اس مرحلہ کی تکمیل کے بعد حج 2021 ء کا منظر واضح ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے بتایا کہ حج معاہدہ کی تکمیل اور سعودی حکومت کے حج پالیسی کے اعلان کے بعد ہی عازمین کو آئندہ اقدامات کے بارے میں واقف کرایا جائے گا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو جاریہ سال 3900 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ سال درخواستوں کی تعداد تقریباً 13000 تھی۔ ریاستی حج کمیٹی کو حج کمیٹی آف انڈیا کے احکامات کا انتظار ہے۔ عام طور پر ہر سال رمضان المبارک سے قبل قرعہ اندازی کا مرحلہ مکمل کرلیا جاتا تھا۔ درخواستوں کی وصولی کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب کے شرائط کے مطابق 65 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر کے عازمین کو اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ کورونا وباء کے خوف کے سبب درخواستوں کی تعداد کم رہی ہے۔ 18 تا 65 سال کے عازمین کو درخواست داخل کرنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ اسی دوران مرکزی حکومت نے سعودی حکام کو واقف کرایا ہے کہ عازمین حج کو کورونا ٹیکہ اندازی کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ سعودی حکومت نے عازمین حج کیلئے کورونا ٹیکہ اندازی کو لازمی کردیا ہے ۔ جاریہ سال حج درخواست داخل کرنے والے افراد ریاستی حج کمیٹی سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حج کمیٹی غیر واضح صورتحال کے سبب کچھ بھی کہنے سے گریز کر رہی ہے۔