حج 2022کیلئے ہند-سعودی میں باہمی معاہدہ نہیں ہوا

,

   

گزشتہ 12 دنوں میں حج درخواستوں میں خاطر خواہ اضافہ : سی ای اویعقوب شیخ

ممبئی:حج 2022 کے لیے گزشتہ دس بارہ روز میں درخواستوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ 8جنوری کو 53ہزار سے کچھ زائد درخواستوں تھیں جن کی تعداد بڑھ کر 62 ہزار ہوچکی ہے ،جوکہ ایک اچھی علامت ہے ،جبکہ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او یعقوب شیخ نے امید ظاہر کی ہے کہ ہند۔سعودی عرب کے درمیان حج کے متعلق باہمی معاہدہ کے ساتھ ہی مزید اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 8جنوری کو مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور اور ڈپٹی لیڈر راجیہ سبھا مختار عباس نقوی نے حج ٹریننگ کا افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا تھاکہ حج کے لیے 53ہزار سے زائد درخواستیں ملی ہیں۔حج کمیٹی کے نئے چیف ایکزیکٹو آفسر یعقوب شیخ نے مزید کہاکہ 31جنوری درخواستیں جمع کرنے کی آخری تاریخ ہے اور امکان ہے کہ آئندہ دس۔گیارہ دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگا اور اس درمیان ہند۔سعودی کے درمیان باہمی معاہدہ ہوجاتا ہے تب مزید تعداد بڑ ھ جائے گی۔حج کمیٹی نے نعرہ دیا ہے کہ آفت کے خاتمے ،عوام کی صحت ،سلامتی کے لیے قوت مدافعت ،احتیاط اور دعا ہی سفرحج کو ممکن بنائے گا۔حج 2022 کو لوگوں کی صحت ،سلامتی اور حفاظت کو ترجیح دے کر سہولتوں اور بہتری کے ساتھ مکمل کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حج مکمل طور پر ڈیجٹل ہوچکاہے ۔عازمین حج خود آن لائن درخواستیں دے رہے ہیں اور وہ موبائل کا بھی استعمال کررہے ہیں۔ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 31جنوری رکھی گئی ہے ،فی الحال پچاس ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ ایک خاتون عازم حج بھی ان میںشامل ہے جوکہ بغیر محرم جانا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ امسال بغیر محرم کے حج کی خواہشمند خواتین کی بھی درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ چیف ایکزیکٹیو آفیسر یعقوب شیخ نے یقین دلایا کہ حج کمیٹی کے عہدیداران اور عملہ ہم تن۔گوش ہے ،فی الحال سعودی حکومت نے کوئی واضح اشارے نہیں دیئے ہیں ،لیکن چند ہدایات کے بعد حج کی تیاری جاری ہے اور حال میں ٹرینر کی تربیت بھی ہوچکی ہے ۔