حج 2022 ء کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات ملک میں نمایاں

   


رکن راجیہ سبھا لنگیا یادو نے صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کو تہنیت پیش کی

حیدرآباد ۔29۔اگست (سیاست نیوز) رکن راجیہ سبھا بی لنگیا یادو نے آج حج ہاؤز نامپلی پہنچ کر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم سے ملاقات کی۔ انہوں نے حج 2022 ء میں حجاج کرام کیلئے حیدرآباد اور سعودی عرب میں موثر انتظامات پر صدرنشین کو مبارکباد پیش کی اور ان کی تہنیت کی۔ رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ مختلف اضلاع کے حجاج کرام نے انہیں حج کمیٹی کے انتظامات کے بارے میں واقف کرایا۔ حج سے واپسی کے بعد حجاج کرام کافی مطمئن ہیں۔ رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ صدرنشین وقف بورڈ کی حیثیت سے نمایاں خدمات کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے جناب محمد سلیم کو حجاج کرام کی خدمات کا موقع دیا ہے۔ محمد سلیم نے اپنے تجربہ کے باعث حج کیمپ کے اخراجات میں نمایاں کمی کرتے ہوئے بجٹ کی بچت کی ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے حجاج کرام کے لئے موثر انتظامات کو یقینی بنانے درکار بجٹ جاری کیا ۔ چیف منسٹر حج انتظامات کے بارے میں تفصیلات حاصل کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں حجاج کرام کے انتظامات ملک کے دیگر امبارگیشن پوائنٹس سے بہتر رہے ہیں۔ انتظامات میں تلنگانہ نمبر ون رہا ۔ آندھراپردیش حج کمیٹی نے بھی تلنگانہ حج کمیٹی کی ستائش کی ہے۔ اسی دوران محمد سلیم نے نئے ناظر القضاۃ قاضی افضل حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تہنیت کی ۔ محمد سلیم نے قاضی حضرات سے اپیل کی کہ وہ شادی بیاہ کے موقع پر اصراف اور بے جا رسومات کے خلاف مہم چلائیں۔ر