حج کمیٹی کے کیلنڈر کی رسم اجرائی، صدرنشین محمد سلیم نے تیاریوں سے واقف کرایا
حیدرآباد۔6۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے کیلنڈر برائے سال 2023 جاری کیا۔ اسمبلی میں کے ٹی آر نے اپنے چیمبر میں صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم کے ہمراہ حج کمیٹی کا کیلنڈر جاری کرتے ہوئے حج 2023 ء میں عازمین حج کیلئے حکومت کی جانب سے بہتر انتظامات میں تعاون کا یقین دلایا۔ کیلنڈر رسم اجراء کے موقع پر ارکان اسمبلی بی سمن ، ڈی ونئے بھاسکر ، مہیش ریڈی ، اشوک ریڈی اور ٹی آر ایس کے دیگر قائدین موجود تھے۔ محمد سلیم نے کے ٹی آر کو حج 2023 ء کی تیاریوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں شیڈول کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ سعودی عرب حکومت نے ہندوستان کے لئے 1.75 لاکھ عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے۔ اس اعتبار سے تلنگانہ ریاست کے عازمین حج کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ سے تقریباً 7000 عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ گزشتہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کو عازمین حج کی بہتر خدمات کے لئے ایوارڈس سے نوازا گیا ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ ملک کا نمبر ون مرکز قرار دیا گیا۔ کے ٹی آر نے محمد سلیم کو تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے حج کمیٹی کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، تاکہ عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ محمد سلیم نے ہر ضلع میں منی حج ہاؤز کی تعمیر کی تجویز کی ، سے واقف کروایا اور حج کمیٹی کے بجٹ میں اضافہ کی درخواست کی ۔ر