حرم شریف کے اطراف توسیعی کام جاری، ناظر رباط جناب حسین شریف کا بیان
حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے مکہ مکرمہ میں تلنگانہ کے عازمین حج کیلئے رباط کی سہولت کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ حج 2022 میں جاریہ سال عازمین حج کیلئے رباط کی سہولت فراہم نہیں کی گئی تھی کیونکہ مکہ مکرمہ میں توسیعی کام کے سبب عمارتوں کا حصول ممکن نہیں تھا۔ جاریہ سال بھی سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین حج رباط کی سہولت سے محروم رہیں گے۔ ناظر رباط جناب حسین شریف نے’سیاست‘ کو بتایا کہ حرم شریف کے اطراف توسیعی کام تیزی سے جاری ہیں اور انہدامی کارروائیوں کے نتیجہ میں آئندہ سال بھی عمارتوںکا حصول آسان نہیں ہے لہذا اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ 2024 میں رباط کی سہولت فراہم کی جائے کیونکہ اس وقت تک توسیعی کاموں کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔ جناب حسین شریف نے کہا کہ توسیعی ماسٹر پلان پر تیزی سے عمل کیا جارہا ہے باوجود اس کے وہ اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ کسی طرح عازمین حج کی رہائش کیلئے عمارت حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کوششیں کامیاب ہوجائیں تو عازمین کی خدمت کو وہ اپنے لئے باعث افتخار سمجھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حرم شریف کے اطراف انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کا کام بڑے پیمانے پر کیا جارہا ہے تاکہ مستقبل میں عازمین حج و عمرہ کو کوئی دشواری نہ ہو۔ جناب حسین شریف نے کہا کہ تلنگانہ کے عازمین کی ہر طرح سے خدمت انجام دینا اور انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ مقامی حکام نے توسیعی کاموں کی تکمیل کیلئے کم از کم دو سال کا وقت مقرر کیا ہے۔ حرم کے قریبی علاقے میں عمارت کا حصول ممکن نہیں ہے اور دوردراز کے علاقے میں عمارت کے حصول سے ضعیف العمر عازمین کو مزید دشواری ہوسکتی ہے لہذا حج 2023 میں رباط کیلئے عمارت کا حصول ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ جناب حسین شریف مقامی حکام سے بھی مسلسل ربط میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عمارت کے حصول میں کامیابی ملے گی وہ حج کمیٹی کو اطلاع دیں گے اور اس کے مطابق عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے ناظر رباط جناب حسین شریف کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حج 2023 کیلئے رباط کے انتظامات کی خواہش کی ہے۔ واضح رہے کہ رباط میں قیام سے عازمین حج کو تقریباً 40 ہزار روپئے تک کی بچت ہوتی ہے۔ ر