حج 2024 کیلئے تلنگانہ سے 22 خادم الحجاج کا انتخاب

   

سید عمرجلیل نے نگرانی کی،عازمین حج کی موثر رہنمائی اور خدمت کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری(سیاست نیوز) حج 2024 کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے 22 خادم الحجاج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی نگرانی میں آج دفتر حج کمیٹی نامپلی میں قرعہ اندازی انجام دی گئی ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیلئے 7811 عازمین حج کا کوٹہ الاٹ کیا ہے اور 7790 حج درخواستوں کو قبول کیا گیا۔ ہر 300 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس سلسلہ میں حج کمیٹی کو 180 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 25 درخواستوں کو مسترد کردیا گیا۔ خادم الحجاج کیلئے اہل قرار دیئے گئے 144 درخواست گزاروں میں سے 22 کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ میڈیا کی موجودگی میں شفافیت کے ساتھ قرعہ اندازی عمل میں آئی۔ 26 خادم الحجاج نے حج کمیٹی اور وقف بورڈ سے فی کس دو خادم الحجاج کا انتخاب کیا جاتا ہے لہذا 22 خادم الحجاج کا قرعہ اندازی سے انتخاب عمل میں آیا۔ 3 امیدواروں کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے ۔ منتخب خادم الحجاج میں محمد عبدالسمیع (حیدرآباد) ، محمد ذاکر (حیدرآباد) ، محمد علیم الدین (سنگا ریڈی ) ، مجاہد محی الدین (حیدرآباد) ، محمد عبدالجمیل (ہنمکنڈہ) ، مختار احمد (حیدر آباد) ، محمد عبدالمنیر (حیدرآباد) ، رحمت محی الدین قادری (محبوب نگر ) ،احمد حسیب الدین وقار (سنگا ریڈی ) ، محمد عرفان شریف (محبوب نگر) ، محمد ذاکر پاشاہ (حیدر آباد) ، جواد حسین (نرمل) ، سید عباس حسین (حیدرآباد)، محمد محی الدین (حیدر آباد) ، محمد محمود علی (حیدرآباد )، محمد یوسف (نظام آباد) ، محمد علیم (حیدرآ باد ) ، اسماعیل سید ( حیدر آباد ) ، محمد عبدالمجاہد (حیدرآباد ) ، محمد امتیاز (میڑچل) ، محمد عبدالخواجہ (میڑچل) اور محمد عقیل حسین (کاما ریڈی) شامل ہیں۔ خادم الحجاج کیلئے مرکزی یا ریاستی حکومت کے ملازمین کا ہونا ضروری ہے جنہوں نے حج یا عمرہ کی سعادت حاصل کی ہو۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے منتخب خادم الحجاج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے مہمانوں کی خدمت اور رہنمائی کیلئے منتخب کیا ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اپنی ذمہ داریوں کی مکمل دیانتداری کے ساتھ تکمیل کریں اور عازمین حج کو کسی بھی شکایت کا موقع نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کو روانگی سے قبل مراسم حج و عمرہ کے علاوہ سعودی عرب میں قیام کے دوران عازمین کی رہنمائی سے متعلق امور کی معلومات حاصل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن خادم الحجاج کے بارے میں شکایت موصول ہوگی ، ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی لیاقت حسین نے قرعہ اندازی کے انتظامات کی نگرانی کی۔ 1