حرمین شریفین میں عمرہ زائرین کو کوئی زحمت نہیں ہوگی

,

   

معتمرین کو نئے کورونا وائرس سے بچانے کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل ، روزانہ 10 مرتبہ مسجد حرام کی صفائی اور سنیٹائزیشن

مکہ مکرمہ : حرمین شریفین میں عمرہ زائرین کے لئے کسی طرح کی کوئی زحمت نہیں ہوگی۔ 4 اکٹوبر سے شروع ہونے والے عمرہ کے لئے تمام حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ حرمین شریفین اُمور کے جنرل پریسیڈنسی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہاکہ حرمین شریفین کے زائرین کی خدمت ہمارے لئے باعث فخر و اعزاز ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین اور معتمرین کو نئے کورونا وائرس سے بچانے کے لئے ہر طرح کی طبی سہولیات کے ساتھ حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ عمرہ زائرین کی صحت و صفائی کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں اِس کے مطابق مسجد حرام کو روزانہ 10 مرتبہ سنیٹائز کیا جائے گا۔ آئندہ اتوار سے ہر عمرہ گروپ کے داخل ہونے سے پہلے اور نکلنے کے بعد سنیٹائزنگ کا کام انجام دیا جائے گا۔ عمرہ کرنے والوں کو اب زم زم کی بند بوتلیں تحفہ کے طور پر دی جائیں گی۔ عبدالرحمن السدیس نے مزید کہاکہ خانہ کعبہ اور حجر اسود کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خانہ کعبہ کے اطراف قائم رکاوٹوں کے باہر سے ہی طواف کا موقع دیا جائے گا۔ جبکہ عمرہ زائرین کو کعبۃ اللہ کے قریب جانے نہیں دیا جائے گا۔ مسجد الحرام میں کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کو الگ تھلگ رکھنے کے لئے خصوصی کمرے مختص ہوں گے۔ کسی بھی معتمر پر کورونا وائرس کی علامتیں ظاہر ہونے کی صورت میں ایک منٹ کے اندر اِس کی اطلاع متعلقہ محکمہ کو ہوجائے گی۔ اِس کے فوری بعد یہ محکمہ مؤثر اور تیز رفتار طور پر قائم کردہ نظام کے ذریعہ کورونا سے متاثرہ شخص معتمر کو طبی امداد فراہم کرے گا۔ حرمین میوزیم کو 18 اکٹوبر سے وزیٹرس کے لئے کھول دیا جائے گا۔ زائداز 6 ماہ کے بعد یکم ربیع الاول سے میوزیم زائرین اور وزیٹرس کے لئے کھلا رہے گا۔ حرمین میوزیم میں دونوں مقدس مساجد کے آرکٹیکچر کی نمائش کی جاتی ہے۔ اِس سال کورونا وائرس کے باعث عمرہ کی معطلی کے بعد مارچ میں اِس میوزیم کو بند کردیا گیا تھا۔