حزب اللہ کے حملہ میں 14اسرائیلی فوجی زخمی،6کی حالت تشویشناک

   

بیروت : اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان سے آنے والے اینٹی ٹینک میزائل اور ڈرونز نے عرب الارامشے کے علاقے میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔حزب اللہ کے مطابق تازہ ترین حملہ اسرائیل کی جانب سے منگل کو کی جانے والی کارروائی کا بدلہ ہے۔اسرائیلی فضائیہ نے بدھ کی شب لڑاکا طیاروں سے لبنان کے مشرقی علاقے بالبک میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر جوابی حملے کیے ہیں۔ایران کی حمایت یافتہ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے حملے میں 14 اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق حزب اللہ نے چہارشنبہ کو اسرائیل کے شمالی علاقے میں فوجی تنصیب پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا جس سے اسرائیلی فوجی تنصیب کو نقصان پہنچا۔اسرائیلی فوج نے بھی حزب اللہ کے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان سے آنے والے اینٹی ٹینک میزائل اور ڈرونز نے عرب الارامشے کے علاقے میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں 14 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ اسرائیل کے مقامی نیوز سائٹ وائی نیٹ کے مطابق حملے کے وقت فوجی گاؤں میں کمیونٹی سینٹر میں موجود تھے۔حزب اللہ کا کہنا ہے کہ تازہ ترین حملہ اسرائیل کی جانب سے منگل کو کی جانے والی کارروائی کا بدلہ ہے جس میں تنظیم کے ایک کمانڈر سمیت تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلاب نے 1982 میں لبنان میں حزب اللہ کی بنیاد رکھی تھی۔ دوسری جانب اسرائیل کے اتحادی امریکہ سمیت دیگر ملکوں نے نیتن یاہو کی حکومت کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے اور اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ تہران کے خلاف جوابی کارروائی سے خطے میں جنگ کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔