حسن آباد میں ایک اور خاتون آر ٹی سی کنڈکٹر فوت

   

حسن آباد ۔ /29 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپور یشن حسن آباد ڈپو سے وابستہ خاتون کنڈکٹر 42 سالہ لتا مہیشوری کا آج صبح قلب پر ہوئے شدید حملے کے باعث دیہانت ہوگیا ۔ وہ آر ٹی سی ملازمین کی تنظیم ایمپلائیز یونین کی ڈپو جوائنٹ سکریٹری تھی ۔ آر ٹی سی ملازمین کی گزشتہ 25 دنوں سے جاری ہڑتال و ریاستی حکومت کی ہٹ دھرمی سے اکثر شدید مایوسی و ناامید ہوکر تمام احتجاجی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتی تھی ۔ آر ٹی سی ملازمین و قائدین نے بتایا کہ جوائنٹ سکریٹری لتا مہیشوری کی آخری رسومات آبائی موضع گوپال پور منڈل ایلکا ترتی میں /30 اکٹوبر کو انجام دیئے جائیں گے ۔ حرکیاتی و فعال خاتون کنڈکٹر لتا مہیشوری کی اچانک موت کی اطلاع پر ایم آر پی ایس قائد مندا کرشنا مادیگا و سابقہ ریاستی وزیر ای پدی ریڈی و سابقہ رکن اسمبلی حسن آباد کامریڈ چاڈا وینکٹ ریڈی نے آر ٹی سی ملازمین کی اموات کو سرکاری قتل و وزیر اعلیٰ کے سی آر کو قاتل قرار دیا ۔ جائز مطالبات کو لیکر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کرنے والے آر ٹی سی ملازمین کو ہمت و حوصلہ کے ساتھ اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج کو برقرار رکھنے کا انہوں نے مشورہ دیا ۔