حسن نصر اللہ نے اسد حکومت اور فوج کی توہین کر ڈالی

   

بیروت : لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں شامی حکومت، فوج اور قیادت کی اْس وقت صریح توہین کر دی جب انہوں نے کہا یہ ایرانی ہی تھے جنہوں نے روسی صدر کو مداخلت پر قائل کیا تا کہ شام کے شہروں کو یکے بعد دیگرے اپوزیشن کے ہاتھوں میں جانے سے روکا جا سکے۔حسن نصر اللہ نے اتوار کے روز “المیادین” ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی نے 2015ء میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کو اس بات پر قائل کیا تھا کہ وہ شام میں فوجی مداخلت کریں۔المیادین ٹی وی ایران اور بشار حکومت کا ہمنوا شمار کیا جاتا ہے۔نصر اللہ کے مطابق روسی صدر فوجی مداخلت کا فیصلہ کرنے کے حوالے سے ’’ہچکچاہٹ‘‘ کا شکار تھے۔ انہیں اس اقدام کے ناکام ہونے کے امکان پر تشویش تھی۔