بیروت: لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کے شہید رہنما حسن نصر اللّٰہ کی نماز جنازہ اور تدفین کا مقام خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اسرائیل کے ممکنہ حملوں سے بچا جا سکے۔حسن نصر اللّٰہ 27 ستمبر کو اسرائیلی حملے میں بیروت میں شہید ہوگئے تھے اور اب ان کی تدفین کیلئے عراق کے نجف اشرف، کربلا یا ایران کے کسی مقام پر غور کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ممکنہ طور پر نماز جنازہ اور تدفین ان ہی مقامات میں سے کسی پر ہو سکتی ہے۔حزب اللّٰہ کے قریبی ذرائع نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان کی نماز جنازہ کو انتہائی مختصر اور مقام کو مخفی رکھنے پر زور دیا ہے تاکہ مزید حملوں سے بچا جا سکے۔ میڈیا کے مطابق حسن نصر اللّٰہ کے ساتھ شہید ہونے والے علی کرکی اور دیگر شہدا کی تدفین کر دی گئی ہے۔
استنبول سے عراق ، ایران اور اردن کی پروازیں ملتوی
استنبول : ترکیہ کے شہر استنبول سے عراق، ایران اور اردن کے لئے آج کی پروازیں ملتوی کر دی گئی ہیں۔ایران اور اسرائیل کے درمیان تناؤ اور ایران کے اسرائیل پر فضائی حملوں کے بعد مقامی و غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے ‘استنبول ہوائی اڈّے’ اور’صبیحہ گیوک چین ہوائی اڈّے‘سے اردن، ایران اور عراق کے لئے کل رات اور آج کی پروازیں ملتوی کر دی ہیں۔علاوہ ازیں متعدد فضائی کمپنیوں نے مذکورہ ممالک کی طرف عازمِ سفر اپنی متعددپروازوں کا رْوٹ تبدیل کر کے انہیں استنبول ہوائی اڈّے اور صبیحہ گیوک چین ہوائی اڈّے کی طرف موڑ دیا ہے۔