حصول علم کے لیے مکتب کی کرامت کے ساتھ فیضان نظر بہت ضروری ہے:پروفیسر اخترالواسع

,

   

اساتذہ بچوں میں اخلاقی اقدار کو پروان چڑھائیں: پروفیسر راج پروہت، تعلیم کو ملک کی تقدیر اور تصویر سنوارنے کا ایک اہم ذریعہ: الحاج محمد عتیق

جودھپور – جودھپور شہر بلاک کے سبھی سکینڈری اور سینیئر سکینڈری اسکولوں کے پرنسپلوں اور سینیئر اساتذہ کے لئے آج مولانا ابوالکلام آزاد مسلم سینیئر سکنڈری اسکول کے آڈیٹوریم میں ایک ورکشاپ کا انعقاد ہوا، جس کا مقصد ۱۲؍جنوری کو سوامی ویویکانند کے نام سے منسوب طلبہ و طالبات کو مستقبل میں اپنے علمی اور پیشہ ورانہ ترجیحات کو طے کرنے کے لیے ہر اسکول میں کیرئیر گائیڈینس فراہم کرنا ہے۔

اس تقریب کے مہمانِ خصوصی پدم شری پروفیسراخترالواسع، صدر، مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور تھے۔ اس کے علاوہ مہمانانِ ذی وقار میں مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے خازن الحاج محمد عتیق، جے نارائن ویاس یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر بھنور سنگھ راج پروہت، مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے جنرل سکریٹری جناب نثار احمد خلجی تھے۔

تقریب کی صدارت جناب پرہلاد رام گویل، چیف بلاک افسرِ تعلیم نے کی۔

اس موقع پر اپنے افتتاحی خطاب میں پروفیسراخترالواسع نے کہا کہ تعلیم صرف کتابوں سے حاصل نہیں کرنی چاہیے بلکہ اپنی آس پاس بکھری ہوئی زندگی سے جڑی ہوئی سچائیوں سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے۔

حصول علم کے لیے مکتب کی کرامت کے ساتھ فیضان نظر بہت ضروری ہے اور یہ فیضان نظر نئی نسلوں کو ان کے استاد ہی فراہم کر سکتے ہیں۔

پروفیسرواسع نے کہا کہ ہمارے ملک میں شعور کی تشکیل، حب الوطنی کے جذبات اور سیکولر جمہوری اقدار کو استحکام عطا کرنے کے لیے ہمیں اپنے کلاس روموں کو ایک کامیاب تجربہ گاہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بہتری نیتا اور ابھینیتا کے ذریعے نہیں بلکہ صرف اور صرف اساتذہ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

پروفیسر راج پروہت نے اس موقع پر موجود اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں میں اخلاقی اقدار کو پروان چڑھائیں تاکہ ہمارے سماج میں جو ناہمواریاں ہیں وہ دور سکیں۔

مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے خازن الحاج محمد عتیق نے محکمۂ تعلیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم تقریب کے لیے مولانا ابوالکلام آزاد مسلم سینیئر سکینڈری اسکول کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہا ’’ہم تعلیم کو ملک کی تقدیر اور تصویر سنوارنے کا ایک اہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔‘‘

اس موقع پر تکنیکی اجلاسوں میں ماہرین تعلیم شری وشو وبھوتی ویاس، شری ٹی آر راٹھور، محترمہ اوشا موہتا، جناب رئیس احمد، ڈاکٹر اجے وردھن آچاریہ، جناب رزاق محمد اورشری کے کے ویاس نے اساتذہ کو بتایا کہ وہ اپنے طلبہ و طالبات کی کس طرح رہنمائی کریں اور ان کے مستقبل کو بہتر بنانے میں معاون ہوں۔

مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے پروگرام ڈائریکٹر جناب محمد امین نے اس سوسائٹی کے تحت چلنے والے اداروں، تعلیمی پروگرام اور مولانا آزاد یونیورسٹی کا بھرپور تعارف کرایا۔ پروگرام کی نظامت شری ہنومان رام چودھری نے کی اور آخر میں شکریہ جناب نثار احمد خلجی نے ادا کیا۔