حصول میاریج سرٹیفیکٹ کے لیے آن لائن خدمات

   

آئندہ ماہ خدمات کا آغاز ، تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کا فیصلہ
حیدرآباد۔17جنوری (سیاست نیوز) شادی شدہ جوڑوں کیلئے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ سے جاری کئے جانے والے میاریج سرٹیفیکیٹ کے لئے اب درخواست گذار کو حج ہاؤز پہنچنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ آن لائن درخواست داخل کرتے ہوئے آن لائن اپنے میاریج سرٹیفیکیٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں ۔ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے جاری کئے جانے والے میاریج سرٹیفیکیٹ کا حصول اب انتہائی آسان ہونے جا رہاہے اور بتایاجاتا ہے کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ سے آن لائن میاریج سرٹیفیکیٹ کی اجرائی کا عمل شروع کردیاجائے گا اور آن لائن میاریج سرٹیفیکیٹ کی اجرائی کے علاوہ اگر کسی کو سرٹیفیکیٹ کی کاپی چاہئے تو وہ اضافی فیس ادا کرتے ہوئے بذریعہ پوسٹ اپنا میاریج سرٹیفیکیٹ گھر بیٹھے حاصل کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے تحت خدمات انجام دینے والے شعبۂ قضاء ت کو مکمل طور پر آن لائن کردیا گیا ہے اور اس کا آغاز آئندہ ماہ کے اوائل میں ہونے کا امکان ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شعبۂ قضاء ت میں درخواستوں کی آن لائن وصولی اور آن لائن میاریج سرٹیفیکیٹ کی اجرائی کے عمل کا جائزہ لیا جا چکا ہے اور تجرباتی اساس پر اندرون بورڈ درخواست کے ادخال و اجرائی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے اسے قطعیت دیدی گئی ہے ۔شعبۂ قضاء ت کی خدمات کو آن لائن کرنے کا سب سے بڑا فائدہ اضلاع کے لوگوں کو ہوگا جنہیں اب تک میاریج سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لئے شہر کا چکر لگانا پڑتا تھا لیکن اب اس کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ آن لائن درخواست داخل کرتے ہوئے اپنا میاریج سرٹیفیکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔چیف ایکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب شاہنواز قاسم نے اس بات کی توثیق کی کہ شعبۂ قضاء ت کے تمام امور کو آن لائن کردیا گیا ہے لیکن ابھی ریاست میں انتخابی ضابطۂ اخلاق کے سبب یہ خدمات شروع نہیں کی گئی ہیںاور جیسے ہی انتخابی ضابطہ ٔ اخلاق اختتام کو پہنچے گا یہ خدمات شروع کرنے کے سلسلہ میں اعلان کیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ قضاء ت کے امور کو آن لائن کرنے کے سلسلہ میں تیار کئے گئے سافٹ وئیر کو پاسپورٹ درخواست کے طرز پر تیار کیا گیا ہے اور درخواست گذار کو اسی آن لائن پورٹل پر فیس کی ادائیگی کی سہولت بھی حاصل رہے گی اور میاریج سرٹیفیکیٹ کے لئے درخواست کے ادخال کے ساتھ ہی موبائیل نمبر پر ایس ایم ایس وصول ہوجائے گا اور میاریج سرٹیفیکیٹ کی تیاری کے ساتھ ہی درخواست گذار کو مطلع کردیا جائے گا کہ اس کا میاریج سرٹیفیکیٹ تیار ہوچکا ہے اور درخواست گذار میاریج سرٹیفیکیٹ آن لائن ڈاؤن لوڈ کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ میاریج سرٹیفیکیٹ کی جانچ کرنے والے اداروں جیسے قونصل خانوں اور دیگر اداروں میں جہاں میاریج سرٹیفیکیٹ کا ادخال ہوتا ہے ان اداروں کی جانب سے آن لائن ہی میاریج سرٹیفیکیٹ کی صداقت کی جانچ ممکن ہوسکے گی ۔