حضور آباد الیکشن کی منسوخی کیلئے مانیکم ٹیگور و دیگر کی الیکشن کمیشن آف انڈیا سے نمائندگی

   

حیدرآباد۔29 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ایک وفد نے نئی دہلی میں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے نمائندگی کرتے ہوئے حضور آباد ضمنی چناؤ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی رندیپ سنگھ سرجے والا ، انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون ، اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی کے علاوہ ایچ وینو گوپال ، جے کسم کمار اور دوسروں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دفتر پہنچ کر یادداشت حوالے کی۔ کانگریس قائدین نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے بڑے پیمانہ پر دولت اور شراب کی تقسیم کا الزام عائد کیا اور اس سلسلہ میں ویڈیو فوٹیج اور اخبارات کے تراشے حوالے کئے ۔ سرجے والا نے کہا کہ کانگریس کو شکست دینے کے لئے ٹی آر ایس اور بی جے پی نے مفاہمت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں نے ایک ووٹ کے لئے 10,000 روپئے تک تقسیم کئے جارہے ہیں اور الیکشن کمیشن کے عہدیدار کسی کارروائی سے گریز کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کو اپنی پسند کے امیدوار کو منتخب کرنے کا حق حاصل ہے اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی حقوق کا تحفظ کرے۔ اے آئی سی سی قائدین نے کہا کہ دولت اور اقتدار کے بل پر ٹی آر ایس کامیابی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔گزشتہ تین ماہ کے دوران دونوں پارٹیوں نے انتخابی مہم میں جمہوری اور دستوری اصولوں کو پامال کیا ہے۔ ر

مانکیم ٹیگور نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ فوری طور پر ضمنی چناؤ کو منسوخ کردے۔ ر