حضور اکرمؐ کی شان میں گستاخی کرنے والی خاتون کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

,

   

علماء اور قائدین کی کمشنر پولیس سی وی آنند سے ملاقات، پُرامن حالات برقرار رکھنے کی اپیل
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) علماء و مشائخین اور قائدین کے ایک نمائندہ وفد نے آج کمشنر سٹی پولیس سی وی آنند سے ملاقات کی اور نئی دہلی سے تعلق رکھنے والی نوپور شرما کی جانب سے چینل اور سوشیل میڈیا پر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ وفد نے کمشنر پولیس سے مذکورہ خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور سوشیل میڈیا سے قابل اعتراض مواد نکالنے کا مطالبہ کیا۔ مولانا سید قبول بادشاہ قادری شطاری کی قیادت میں کمشنر سے ملاقات کرنے والوں میں مولانا حامد محمد خاں امیر جماعت اسلامی تلنگانہ، جناب ضیاء الدین نیر صدر تعمیر ملت، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ، جناب محمد اظہر الدین، جناب ایم این بیگ زاہد، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا ، احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی اور کوثر محی الدین رکن اسمبلی شامل تھے۔ وفد نے کمشنر پولیس کو بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران ملک بھر میں فرقہ پرستی کے جذبات کو ہوا دی جارہی ہے تاکہ پُرامن ماحول متاثر ہو۔ تازہ ترین معاملہ میں ایک خاتون نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی ہے۔ قائدین نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کرسکتا۔ تلنگانہ میں بھی بی جے پی قائدین کے اشتعال انگیز بیانات پر کنٹرول کی ضرورت ہے۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے کہا کہ حکومت اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ حال ہی میں شہر کے بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ کمشنر پولیس نے شہر میں امن و امان کی برقراری کیلئے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے متنازعہ ویڈیو کے خلاف کارروائی کا بھی یقین دلایا۔ر