حفیظ سے پی سی بی ناراض

   

کراچی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ محمد حفیظ کے دوبارہ کورونا ٹسٹ کروانے اور اْس کا نتیجہ سوشل میڈیا پر شائع کرنے کے عمل سے ناراض ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے محمد حفیظ سے رابطہ کرکے اْن کے عمل پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ جانے والے کھلاڑیوں کے کورونا ٹسٹ پیر کو کروائے تھے جس میں محمد حفیظ بھی شامل تھے۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے وڈیو کانفرنس میں کہا کہ محمد حفیظ سمیت مزید سات کھلاڑیوں کے کورونا ٹسٹ مثبت آئے ہیں۔ٹسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد محمد حفیظ نے اپنی تسلی کیلئے ایک خانگی لیبارٹری سے اپنا اور اہل خانہ کا کورونا ٹسٹ دوبارہ کروایا جو منفی آیا۔ سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں محمد حفیظ نے کہا کہ اْنہوں نے ایک اور رائے لینے کے لیے یہ ٹسٹ کروایا، محمد حفیظ نے اپنی دوسری ٹسٹ رپورٹ بھی سوشل میڈیا پر شائع کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے محمد حفیظ سے رابطہ کرکے اْن کے اس عمل پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ وسیم خان کا موقف تھا کہ عوام میں جانے سے قبل کھلاڑی کو پی سی بی سے رابطہ کرنا چاہئے تھا، آپ کے اس عمل سے پاکستان کے ٹسٹنگ کے نظام پر سوالیہ نشان لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹر محمد حفیظ نے معذرت خوانہ رویہ اپنایا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے کا تفصیلی جائزہ بھی لے گا۔