حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( راست ) : حلال و حرام کی تمیز کو اپنی زندگی میں قائم رکھنا ہر مسلمان کی بنیادی دینی ذمہ داری ہے ۔ مسلمان کو چاہیے کہ وہ رسول اکرم ؐ کی تعلیمات اور بزرگان دین کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں اپنی کمائی ، کاروبار اور روزمرہ معاملات کا جائزہ لیتا رہے اور ہر اس ذریعہ سے اجتناب کرے جو شریعت کی نظر میں ناجائز ہو ۔ حلال رزق میں اللہ تعالیٰ برکت عطا فرماتا ہے جب کہ حرام کمائی انسان کے دین و ایمان ، عبادات ، دعا اور آخرت کے لیے نقصان کا باعث بنتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسجد محمودہ ، شاستری پورم میں نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ انسان کی زندگی میں اس کی کمائی اور خوراک کا پاکیزہ ہونا انتہائی ضروری ہے ۔ مسلمان کو اس بات کی فکر ہونی چاہیے کہ اس کے گھر میں آنے والا مال کس ذریعے سے حاصل ہورہا ہے ۔ کیوں کہ حلال لقمہ انسان کے اعمال ، اخلاق اور دینی زندگی پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اولاد کی صالح دینی و اخلاقی تربیت صرف اچھی تعلیم دلانے کا نام نہیں بلکہ ان کی پرورش حلال رزق سے کرنا بھی والدین کی اہم ذمہ داری ہے ۔ والدین کو چاہئے کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ اس بات پر بھی خصوصی توجہ دیں کہ ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جو مال خرچ کیا جارہا ہے وہ پاکیزہ اور حلال ذرائع سے حاصل کیا گیا ہو ۔ حلال لقمہ بچوں کی شخصیت ، کردار اور دینی مزاج کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ اصل کامیابی زیادہ سے زیادہ مال و دولت جمع کرنے میں نہیں بلکہ ایمان ، نیک اعمال ، تقویٰ ، حسن اخلاق اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے میں ہے ۔ آخر میں مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں ، حلال روزی کو اختیار کریں ۔ حرام ذرائع سے مکمل اجتناب کریں ، اپنی اولاد کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں ۔ اپنے معاملات میں امانت و دیانت کو اپنائیں اور دنیاوی زندگی کے ساتھ آخرت کی دائمی کامیابی کو اپنا اصل مقصد بنائیں ۔۔