حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے امیدوار نند کشور ویاس بلال کا والہانہ استقبال

   

فرقہ وارانہ طاقتوں کو شکست دینے اور علاقہ کی ترقی کیلئے بی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل
حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے بی آر ایس امیدوار نند کشور ویاس ( بلال ) نے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ ان کے حلقہ میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کیلئے عوام بالخصوص اقلیت متحد ہوچکے ہیں۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم میں شرکت کے بعد میڈیا کو بتایا کہ گوشہ محل کے عوام کو کسی نہ کسی عنوان پر فرقہ وارانہ نوعیت پر اُکسانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ ان کے حلقہ کے عوام راجہ سنگھ کو سبق سکھائیں گے۔ نند کشور نے اپنے اس یقین کا اظہار کیا کہ اقلیتوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ انہیں ایک جُٹ ہوکر فرقہ پرست طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف گوشوں سے انہیں تائید حاصل ہورہی ہے اور فرقہ پرستوں کو شکست دینے کیلئے عوام میں جوش نظر آرہا ہے۔ بی آر ایس کے امیدوار نے کہا کہ اقلیتی طبقہ کے افراد اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں وارانہ فرقہ پرست طاقتیں اپنے عزائم میں کامیاب ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس سال میں راجہ سنگھ نے علاقہ کی ترقی کے بجائے صرف مذہبی منافرت پھیلانے کا کام کیا ہے اور اس حرکت سے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کی ملک بھر میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بدنامی ہوئی ہے۔ نند بلال نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران وہ جس علاقہ میں پہنچ رہے ہیں انہیں تائید مل رہی ہے۔