حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان اصل مقابلہ

   

بی جے پی کے امیدوار جی کشن ریڈی مقابلہ میں نہیں ہے ، پدما راؤ گوڑ کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ اصل مقابلہ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان میں ہے ۔ بی جے پی مقابلہ میں نہیں ہے ۔ بی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ پدما راؤ گوڑ نے آج مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال سے مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے اور 10 سال سے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد پر بی جے پی کا قبضہ ہے ۔ مودی نے تلنگانہ کی ترقی میں کوئی تعاون نہیں کیا اور نہ ہی بنڈارو دتاتریہ اور جی کشن ریڈی مرکزی وزیر رہنے کے باوجود حلقہ سکندرآباد کی ترقی کے لیے کوئی کام کیا ہے ۔ دوبارہ بی جے پی پر بھروسہ کرنا نامناسب ہے ۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں عوام کو ہتھیلی پر جنت دکھائی ۔ اضلاع کے عوام نے کانگریس پر بھروسہ کیا مگر گریٹر حیدرآباد کے عوام با شعور ہیں کانگریس کے جھانسے میں نہیں آئے ترقی اور فلاحی اسکیمات کو دیکھتے ہوئے بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ۔ اقتدار حاصل ہونے کے بعد کانگریس پارٹی وعدوں پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ جس کے بعد عوام میں کانگریس کے خلاف برہمی پیدا ہوگئی ہے ۔ جس طرح اسمبلی انتخابات میں عوام نے بی آر ایس کو حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں کامیاب بنایا ہے ۔ اس طرح لوک سبھا انتخابات میں بھی بی آر ایس کو کامیاب بنائیں گے وہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے 7 اسمبلی حلقوں میں طوفانی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ عوام ان کا ہر مقام پر والہانہ خیر مقدم کرتے ہویء بی جے پی اور کانگریس پر اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں اور انہیں کامیاب بنانے کا یقین دلا رہے ہیں ۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ عوام کے پیار و محبت کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے وہ کم از کم دو لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں مختلف مقامات پر جلسے ، کارنر میٹنگس اور روڈ شوز کررہے ہیں جس سے پارٹی کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا ہورہا ہے اور پارٹی کا ہر کارکن خود کو پدما راؤ گوڑ تصور کرتے ہوئے میری کامیابی کے لیے کام کررہا ہے ۔۔ 2