حلقہ نامپلی سے بوگس ووٹرس کے نام حذف کرنے چیف الیکٹورل آفیسر سے نمائندگی

   

سدرشن ریڈی سے فیروز خاں کی ملاقات، مختلف زمرہ جات کے تحت فرضی ناموں کی تفصیلات پیش
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں نے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے نامپلی اسمبلی حلقہ کی فہرست رائے دہندگان میں نقائص اور حذف شدہ ناموں کی تفصیلات پیش کرنے کی خواہش کی۔ فیروز خاں چیف الیکٹورل آفیسر کو حلقہ نامپلی میں مختلف زمرہ جات کے تحت 113310 بوگس ناموں کی موجودگی سے متعلق تفصیلات حوالے کی ۔ فیروز خاں نے یادداشت میں بتایا کہ حلقہ اسمبلی نامپلی میں ایک لاکھ سے زائد فرضی نام مختلف زمرہ جات کے تحت موجود ہیں جن میں 5937 نام دیگر حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کے ہیں ۔ 34867 نام ایسے ہیں جو فرضی مکان نمبر یا پھر موجودہ مکانات میں اضافی ووٹرس کے طورپر شامل کئے گئے ۔ علاقہ سے منتقل شدہ ووٹرس کی تعداد 45567 ہے۔ انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر سے درخواست کی کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنائیں۔ انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے فراہم کردہ رپورٹ پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کی انسپکشن سروے رپورٹ اور نامپلی میں انتقال کرنے والے اور دیگر علاقوں کو منتقل ہونے والے افراد کی تفصیلات پیش کرنے پر بھی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے سدرشن ریڈی سے جاننا چاہا کہ رپورٹ پر کمیشن نے کیا کارروائی کی ہے۔ بوگس ووٹرس کے بارے میں چیف الیکٹورل آفیسر اور الیکشن کمیشن سے بارہا نمائندگی کی گئی اور عوام کو الیکشن کمیشن کی کارروائی انتظار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف زمرہ جات کے تحت نامپلی کی فہرست رائے دہندگان میں بوگس ناموں کو شامل کیا گیا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے تفصیلات فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ وہ حلقہ میں بوگس ناموں کو حذف کرنے کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ مقامی پارٹی بوگس ووٹرس کی بنیاد پر کامیابی حاصل کر رہی ہے ۔1